
سوشل میڈیا
راجستھان کے ضلع ٹونک میں ایس ڈی ایم کو تھپڑ مارنے کے الزام میں گرفتار آزاد امیدوار نریش مینا کی گرفتاری کے بعد علاقے میں شدید ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ایس ڈی ایم پر تھپڑ مارنے کے واقعے کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔ نریش مینا کے حامی مختلف مقامات پر احتجاج کر رہے ہیں، جن میں ہائی وے کو بند کرنا اور آگ لگانا شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ہنڈون میں بھی ان کے حامیوں نے سڑک کو بند کر دیا اور نریش مینا کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود مختلف مقامات پر مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کیا اور ٹونک-سوامادھوپور ہائی وے سمیت دیگر سڑکوں کو بند کر دیا۔ مقامی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور علاقے میں امن قائم کرنے کی کوششیں کیں۔ پولیس کے مطابق، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا، جس کے نتیجے میں بعض پولیس گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
اس دوران، راجستھان ایڈمنسٹریٹو سروس (آر اے ایس) ایسوسی ایشن نے بھی پین ڈاؤن ہڑتال جاری رکھی ہے، جو نریش مینا کی گرفتاری کے مطالبے سے شروع ہوئی تھی۔ اب ایسوسی ایشن کے ارکان ریاستی حکومت کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی درخواست کر رہے ہیں۔ نریش مینا کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔