
پرینکا گاندھی / تصویر نیشنل ہیرالڈ
گوہاٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری اور آسام اسکریننگ کمیٹی کی چیئرپرسن پرینکا گاندھی نے ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا اور زمین، روزگار، سیاسی انتقام اور ثقافتی وراثت جیسے مسائل کو اٹھاتے ہوئے حکومت سے براہ راست جواب طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تنظیمی سطح پر سرگرم ہے اور اسکریننگ کمیٹی کے اراکین مختلف اضلاع کا دورہ کر کے عوام سے براہ راست فیڈبیک حاصل کر رہے ہیں تاکہ زمینی حقیقت کی بنیاد پر آئندہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔
Published: undefined
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آسام کی زمینیں چند منتخب صنعت کاروں کے حوالے کی جا رہی ہیں، جس سے عام لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق ریاست کے شہری خود کو نظرانداز محسوس کر رہے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ ان کے وسائل پر مخصوص طبقات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور مناسب وقت پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔
Published: undefined
گورو گوگوئی کے خلاف حملوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اسے سیاسی ٹارگٹنگ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گورو گوگوئی عوامی مسائل پر آواز اٹھا رہے ہیں، اسی لیے انہیں اور ان کے خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ سیاست میں دو طرح کے رہنما ہوتے ہیں، ایک وہ جو مثبت ایجنڈا اور عوامی مسائل پر بات کرتے ہیں اور دوسرے وہ جو ذاتی حملوں کی سیاست کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کانگریس ہمیشہ پہلی راہ پر چلتی آئی ہے اور آئندہ بھی اسی پر قائم رہے گی۔
انہوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ اب تک انہوں نے ریاست کے لیے کیا کام کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے زور دے کر کہا کہ نوجوان اور خواتین روزگار چاہتے ہیں اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے مستقبل کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا اور عوام اب جواب طلب کر رہے ہیں۔
Published: undefined
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے معروف گلوکار زوبن گرگ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ زوبن گرگ کے انتقال پر پورے آسام نے جس طرح غم کا اظہار کیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ عوام انہیں کس قدر محبت کرتی تھی۔ ان کے گیتوں میں محبت، اتحاد اور آسام کی ثقافت و تہذیب کی جھلک نظر آتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا غلط ہوگا کیونکہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کے دلوں کی آواز تھے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس کی جدوجہد آسام کی ثقافت اور وراثت کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیدار رہیں اور ایسے قائدین کا انتخاب کریں جو ریاست کو مضبوط بنانے اور عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہوں۔ ان بیانات کے ذریعے انہوں نے نہ صرف پارٹی کی سرگرمیوں کا پیغام دیا بلکہ ریاستی حکومت کو کھلی چیلنج بھی پیش کی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined