قومی خبریں

عید میلاد النبی پر صدر دروپدی مرمو، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت سرکردہ رہنماؤں نے پیش کی مبارکباد

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’عید میلاد النبی کے مقدس موقع پر میں تمام اہل وطن بالخصوص مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;<a href="https://x.com/RahulGandhi">@RahulGandhi</a></p></div>

تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ @RahulGandhi

 

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت ملک کے دیگر سرکردہ رہنماؤں نے عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی۔ صدر جمہوریہ نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اردو میں عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’عید میلاد النبی کے مقدس موقع پر میں تمام اہل وطن بالخصوص مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘

اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو مزید لکھتی ہیں کہ ’’عید میلاد النبی کا تہوار پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ ان کی تعلیمات ہمیں عمدہ اخلاق اور فرض شناسی کے جذبے کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہیں۔ آئیے، ہم پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ کے اعلیٰ اصولوں سے رہنمائی حاصل کریں اور ایک جامع اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’عید میلاد النبی مبارک۔ سب کے لیے امن، خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’عید میلاد النبی کے موقع پر سبھی کو بہت بہت مبارکباد۔ امن، رحم، خوشی اور باہمی بھائی چارہ آپ کی زندگی کو روشن کرے۔ عید میلاد مبارک!‘‘

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے عید میلادالنبی کی مبارکباد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’عید مبارک! میلاد النبی کے موقع پر سبھی کو دلی مبارکباد۔ یہ موقع سب کے لیے امن، خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی لے کر آئے۔‘‘ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سبھی کو عید میلادالنبی کی دلی مبارکباد۔ آپ سب صحت مند اور خوشحال رہیں، یہی میری دعا ہے۔‘‘ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آپ سبھی کو عید میلادالنبی کی دلی مبارکباد۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔