قومی خبریں

امتحان پاس کیا، فزیکل کی تیاری کی اور اب ریزلٹ منسوخ! پٹنہ میں 11 ہزار داروغہ امیدواروں کا پرتشدد احتجاج

نوجوانوں کا الزام ہے کہ بہار میں ہر بھرتی امتحان کے بعد اسے منسوخ یا التوا میں ڈال دینا ایک معمول بن چکا ہے، جس سے لاکھوں نوجوانوں کا کیریئر برباد ہو رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

 

’’شب و روز محنت کر کے ہم نے امتحان پاس کیا، گراؤنڈ پر پسینہ بہایا اور آج ایک جھٹکے میں ہماری محنت پر پانی پھیر دیا گیا!‘‘ بہار کی راجدھانی پٹنہ کی سڑکوں پر ایک بار پھر مشتعل نوجوان اترے ہیں۔ بہار داروغہ بھرتی کا مینس امتحان پاس کر چکے تقریباً 11 ہزار کامیاب امیدوار سڑکوں پر اتر کر حکومت اور کمیشن کے خلاف جم کر نعرے بازی کر رہے ہیں۔ حتمی تحریری امتحان کا نتیجہ منسوخ ہونے کے فیصلے سے خفا 11 ہزار امیدوار اپنی ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔

احتجاج کر رہے امیدواروں کا درد واضح ہے۔ ان تمام نوجوانوں نے داروغہ بھرتی کا مشکل تحریری امتحان (مینس اگزام) پاس کیا تھا اور آئندہ مرحلہ یعنی فزیکل ایفیشنسی ٹیسٹ (پی ای ٹی/جسمانی اہلیت کا امتحان) کے لیے دن و رات گراؤنڈ پر محنت کر رہے تھے۔ لیکن اچانک امتحان منسوخ کیے جانے کے فیصلے سے بھرتی کا پورا عمل پھر سے التوا کا شکار ہو گیا ہے۔ امیدواروں کو کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اس رویے سے سالوں کی محنت، امیدیں اور ان کا مستقبل مکمل طور پر غیر یقینی کے اندھیرے میں دھکیل دیا گیا ہے۔

سڑکوں پر اترے 11 ہزار امیدواروں کا احتجاج کافی پرتشدد ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے اہم مطالبات یہ ہیں کہ کمیشن داروغہ کے مینس امتحان کا ریزلٹ منسوخ کرنے کا اپنا فیصلہ بغیر کسی تاخیر کے واپس لے۔ ساتھ ہی جن امیدواروں نے مینس امتحان پاس کیا ہے انہیں فوراً فزیکل ٹیسٹ (پی ای ٹی) کی تاریخیں دی جائیں اور بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ نوجوانوں کا الزام ہے کہ بہار میں ہر بھرتی امتحان کے بعد اسے منسوخ یا التوا میں ڈال دینا ایک معمول بن چکا ہے، جس سے لاکھوں نوجوانوں کا کیریئر برباد ہو رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پٹنہ میں مسلسل جمع ہو رہی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ امیدواروں کا واضح طور پر کہنا ہے کہ جب تک حکومت اور متعلقہ کمیشن ان کے حق میں فیصلہ نہیں لیتے اور منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیتے تب تک ان کا یہ احتجاج ختم نہیں ہوگا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔