قومی خبریں

ہمارا مقصد تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت میں بدلنا ہے: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی ںے کہا کہ ’’تلنگانہ کو 2034 تک 200 ارب ڈالر سے 1 ٹریلین ڈالر اور 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے 3 الگ الگ اقتصادی زون تیار کیے گئے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی / آئی اے این ایس

 

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے جمعرات کو کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد 2047 تک تلنگانہ کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔ 85ویں انڈین ریڈ کانگریس (آئی آر سی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ تلنگانہ کو 2034 تک 200 ارب ڈالر سے 1 ٹریلین ڈالر اور 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے 3 الگ الگ اقتصادی زون تیار کیے گئے ہیں۔

کیور، پیور اور ریئر زونز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) کے اندر واقع کیور زون سروس سیکٹر کی ترقی کے لیے مختص ہے۔ او آر آر اور آر آر آر (ریجنل رنگ روڈ) کے درمیان واقع پیور زون مینوفیکچرنگ سیکٹر کا مرکز ہوگا، جبکہ آر آر آر کے باہر واقع ریئر زون زراعت اور اس پر مبنی صنعتوں کا مرکز ہوگا۔

ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026‘ جو 7 سے 9 دسمبر تک ’بھارت فیوچر سٹی‘ میں منعقد ہونے والا ہے۔ بڑے پیمانے پر ملکی اور عالمی سرمایہ کاری کو راغب کر کے مضبوط ترقی کی بنیاد رکھے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (آر اینڈ ڈی) کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اس عالمی سربراہی اجلاس کا انعقاد کر رہی ہے۔ انہوں نے آئی آر سی کے نمائندوں کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے زور دے کر کہا کہ ملک کے مفادات اور قومی سلامتی کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے بڑے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سیاسی بیان بازی کو صرف انتخابات تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔ مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے حیدرآباد کے ہائی ٹیکس ایگزیبیشن سنٹر میں آئی آر سی کا افتتاح کیا۔ 4 روزہ اس کانفرنس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے 3500 سے زائد نمائندے شرکت کر رہے ہیں، جن میں ہائی وے انجینئرز، سائنس داں، محققین، ماہرین تعلیم، ٹھیکیدار اور اعلیٰ افسران شامل ہیں۔

اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارک، وزیر برائے سڑک و عمارت کوماٹی ریڈی وینکٹ ریڈی اور کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ آئی آر سی کے تحت منعقدہ تکنیکی نمائش میں ہندوستانی اور بین الاقوامی اداروں کے 400 اسٹال لگائے گئے ہیں، جہاں سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والی جدید مشینیں، جدید آلات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق ٹیکنالوجی کی نمائش کی گئی ہے۔