قومی خبریں

اپوزیشن مظاہرہ : ایس آئی آر کے خلاف سپریم کورٹ پہنچے راہل گاندھی، انڈیا بلاک کی عرضی درج، مارچ ختم

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز / وپن</p></div>

تصویر قومی آواز / وپن

 

ایس آئی آر کے خلاف سپریم کورٹ پہنچے راہل گاندھی، انڈیا بلاک کی عرضی درج، مارچ ختم

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف انڈیا بلاک کا سپریم کورٹ تک مارچ ختم ہو گیا ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد احاطے سے روانہ ہوگئے۔ راہل گاندھی کی درخواست عدالت میں باضابطہ طور پر درج کر لی گئی ہے۔ اس میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کرانے کے فیصلے کو غیر معتبر قرار دینے کی مانگ کی گئی ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں ہندوستان کے الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور دونوں الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں ایس آئی آر کے عمل کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد نے عدالت سے اس عمل کی قانونی حیثیت پر غور کرنے اور ایس آئی آر کے فیصلے کو غیر معتبر قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی کے ساتھ سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے۔

سپریم کورٹ کی تصویری جھلکیاں

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو سپریم کورٹ مارچ کے دوران پولیس نے روکا

نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف سپریم کورٹ تک مارچ کر رہے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو دہلی پولیس نے بھگوان داس روڈ پر روک دیا۔ بارہ کھمبا سے شروع ہونے والے اس مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ پولیس نے بھگوان داس روڈ پر بیریکیڈنگ کرکے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا ہے۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں نیم فوجی دستوں کے علاوہ اتر پردیش پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (آئیسا) کی صدر نیہا بورا بھی موجود ہیں۔ تمام رہنما ایک گاڑی پر سوار ہیں۔ مارچ کے دوران پولیس کی جانب سے راستہ روکے جانے کے بعد موقع پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

راہل گاندھی کی بس سپریم کورٹ کی طرف گامزن

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کئی اپوزیشن لیڈران کو لے کر بس سپریم کورٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بس کے آگے اور پیچھے کئی لوگ پیدل بھی چل رہے ہیں، جن کے ہاتھوں میں طرح طرح کے پوسٹرس اور بینرس ہیں۔ ان پوسٹرس اور بینرس پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور پی ایم مودی کے خلاف نعرے لکھے ہوئے ہیں۔

’مودی-گیانو کے خلاف ہندوستان امنڈ آیا‘، کانگریس نے شیئر کی باراکھمبا روڈ کی ویڈیو

انڈیا بلاک کے ’سپریم کورٹ مارچ‘ کے لیے باراکھمبا روڈ پر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں لوگوں کی یہ بھیڑ سپریم کورٹ کی طرف قدم بھی بڑھا چکی ہے۔ کانگریس نے باراکھمبا روڈ پر جمع بھیڑ کی ایک ویڈیو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مختلف پارٹیوں کے لیڈران اور طلبا گیانیش کمار کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’’مودی-گیانو کے خلاف ہندوستان امنڈ آیا ہے۔‘‘

گیانیش کمار کے خلاف تحریک کو راہل گاندھی نے ’شیو کا تانڈو‘ قرار دیا

راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جاری تحریک کو ’شیو کا تانڈو‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے تحریک سے متعلق حکمت عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کوئی منصوبہ بند پروگرام نہیں، بلکہ بھگوان شیو کے تانڈو اور بارات کی طرح ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بہن پرینکا گاندھی نے ان سے کہا تھا کہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے، لیکن انھوں نے سمجھایا کہ وہ بات کو سمجھ نہیں رہی ہیں۔ راہل نے کہا کہ ’’یہ تانڈو ہے، بھگوان شیو کا ڈانس ہے۔ اس میں کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے۔ آج ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں، کل کچھ اور ہوگا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ شیوجی کی بارات کی طرح ہے اور اس میں جو کوئی شامل ہونا چاہتا ہے، اس کا استقبال ہے۔

’مودی حکومت کے 200 افسران ہمارے رابطے میں‘، راہل گاندھی کا دعویٰ

راہل گاندھی نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ مودی حکومت کے 200 افسران ان کے رابطے میں ہیں۔ انھوں مودی حکومت کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ای ڈی، سی بی آئی، وزارت خارجہ کے اندر سے سبھی ہمیں جانکاریاں دے رہے ہیں۔ آپ کو جو کرنا ہے کیجیے، سچائی ہمارے ساتھ ہے۔‘‘

’دہلی قید کیوں ہے؟‘ راہل گاندھی کا مودی حکومت سے سوال

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ اس دوران انھوں نے حکومت کے سامنے کچھ سوال رکھے ہیں۔ ایک اہم سوال انھوں نے یہ کیا ہے کہ ’’آخر دہلی قید میں کیوں ہے؟‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ لوگوں کو دہلی آنے سے روکا جا رہا ہے، ٹرین اور بسوں کو روکا جا رہا ہے۔ دہلی کو قلعہ بنا دیا گیا ہے اور سبھی جگہ پولیس تعینات ہے۔

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس تھوڑی دیر میں

انڈیا بلاک کے مجوزہ ’سپریم کورٹ مارچ‘ سے قبل لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی تھوڑی دیر میں پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ پریس کانفرنس 11.30 بجے ہونی ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مظاہرہ سے متعلق کچھ اہم بات کہی جائے گی۔

’سپریم کورٹ مارچ‘ میں اکھلیش یادو اور ممتا بنرجی کی ہوگی شرکت

مجوزہ ’سپریم کورٹ مارچ‘ میں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت کئی سرکردہ لیڈران شرکت کرنے والے ہیں۔ یہ مارچ باراکھمبا روڈ سے 1.30 بجے سپریم کورٹ کی طرف آگے بڑھے گا۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے نکالے جا رہے اس مارچ کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خاص طور سے باراکھمبا روڈ اور منڈی ہاؤس کے قریب سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ یہاں دہلی پولیس کے ساتھ ساتھ ریپڈ ایکشن فورس اور سی آر پی ایف کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔ مجوزہ مارچ کو دیکھتے ہوئے ان علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی موجودگی بڑھائی گئی ہے۔

انڈیا بلاک کا ’سپریم کورٹ مارچ‘ آج، سیکورٹی سخت

انڈیا بلاک کے لیڈران نے آج (12 اکتوبر) سپریم کورٹ تک مارچ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے، جس کے پیش نظر سخت سیکورٹی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حالانکہ چیف جسٹس سوریہ کانت نے انڈیا بلاک کے اراکین پارلیمنٹ کی اس درخواست کو نامنظور کر دیا ہے، جس میں ان سے ملاقات کے لیے وقت مانگا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ اپوزیشن جن ایشوز کو اٹھانا چاہتا ہے، وہ پہلے سے ہی سپریم کورٹ میں زیر غور ہیں۔ اس لیے چیف جسٹس آف انڈیا نے ملاقات کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔ اس کے باوجود کانگریس نے لوگوں سے ’دہلی چلو‘ مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

انڈیا بلاک کے ’سپریم کورٹ‘ مارچ کو دیکھتے ہوئے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے پیر کی صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک 6 میٹرو اسٹیشنوں کے انٹری اور ایگزٹ گیٹ بند کر دیے ہیں۔ ڈی ایم آر سی کے مطابق ان اسٹیشنوں میں پٹیل چوک، جن پتھ، راجیو چوک، منڈی ہاؤس، سنٹرل سکریٹریٹ اور باراکھمبا روڈ شامل ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 12 Oct 2026, 8:45 AM IST