قومی خبریں

شرد پوار کا کہا سمجھنے کے لئے سو بار جنم لینا ہوگا: سنجے راوت

شیوسینا سے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے منگل کے روز کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار جو کہتے ہیں اس کو سمجھنے کے لئے سو بار جنم لینا ہوگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: شیوسینا سے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے منگل کے روز کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار جو کہتے ہیں اس کو سمجھنے کے لئے سو بار جنم لینا ہوگا۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ اس دوران، ایک صحافی نے ان سے مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے حوالہ سے شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے ذریعہ مہاراشٹر میں حکومت سازی پر پوار کے مبینہ ’یو ٹرن‘ پر سوال پوچھ لیا، جس پر انہوں نے یہ جواب دیا۔

سنجے راوت نے کہا کہ ’’آپ کو پوار اور ہمارے اتحاد کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بہت جلد، دسمبر کے شروع میں، مہاراشٹر میں شیوسینا کی زیر قیادت مخلوط حکومت اقتدار میں ہوگی۔ یہ ایک مستحکم حکومت ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شیو سینا کو حکومت سازی کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے لیکن میڈیا شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے۔

راوت نے کہا کہ انہوں نے این سی پی کے سربراہ سے مہاراشٹر کے کسانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ راوت نے کہا، ’’اگر وزیر اعظم نریندر مودی نے پوار کی تعریف کی ہے تو کیا غلط ہے؟ اس سے قبل مودی نے سرعام تسلیم کیا تھا کہ پوار ان کے سیاسی گرو ہیں۔ لہذا اس میں کوئی سیاست نہ دیکھیں۔‘‘

بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’وہ شیو سینا ہی تھی جس نے مہاراشٹر میں بی جے پی کو کھڑا کیا، اس کو سیٹ دی اور ہمیشہ اپنے ہمراہ رکھا اور اب بی جے پی نے پارلیمنٹ میں شیو سینا کے ارکان کے بیٹھنے کے انتظام کو تبدیل کر دیا ہے، انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Nov 2019, 8:30 PM IST