
تصویر محمد تسلیم
نئی دہلی: دہلی میں مسلسل بڑھتی فضائی آلودگی اور ہوا کے معیار کے خطرناک سطح پر پہنچنے کے خلاف نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے قومی صدر ونود جاکھڑ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ رائسینا روڈ واقع این ایس یو آئی کے ہیڈکوارٹر سے نکالے گئے اس احتجاج میں بڑی تعداد میں طلبہ اور تنظیم کے کارکنان نے شرکت کی اور آلودگی کے باعث عام شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ نے کہا کہ دہلی کی دم گھونٹنے والی ہوا نے عام شہریوں کی صحت اور روزمرہ زندگی کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بچے، بزرگ اور لاکھوں دہلی والے روزانہ زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ مسلسل انتباہات اور حالات کی سنگینی کے باوجود حکومت اور متعلقہ ایجنسیاں ٹھوس حل پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ محض کاغذوں پر دعوے کرنے اور بیانات جاری کرنے سے آلودگی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلکہ عوام کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
این ایس یو آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ صاف ہوا میں سانس لینا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی شخص کو انتظامی غفلت کے باعث اپنی صحت سے سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری، مؤثر اور وقت مقررہ کے اندر اقدامات کیے جائیں، ساتھ ہی اس کی روک تھام کے ذمہ دار افسران اور متعلقہ ایجنسیوں کی جوابدہی بھی طے کی جائے۔
تنظیم نے واضح کیا کہ دہلی میں بگڑتے ماحولیاتی حالات اور فضائی آلودگی کے خلاف اس کی آواز بلند ہوتی رہے گی۔ جب تک صاف ہوا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے زمینی سطح پر ٹھوس اقدامات نہیں کیے جاتے، اس کی جدوجہد جاری رہے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔