قومی خبریں

اب کھلی مٹھائیوں پر بھی ’یوز بائی ڈیٹ‘ کا اندراج لازمی، فوڈ ڈپارٹمنٹ کا حکم 15 اکتوبر سے ہو رہا نافذ

مٹھائیوں کو لے کر فوڈ ڈپارٹمنٹ نے اہم ہدایت جاری کی ہے۔ اتر پردیش میں 15 اکتوبر 2026 سے مٹھائیوں پر ’یوز بائی ڈیٹ‘ یعنی استعمال کی آخری تاریخ کا اندراج لازمی ہوگا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

تہواروں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کے پیش نظر مٹھائیوں کو لے کر فوڈ ڈپارٹمنٹ نے اہم ہدایت جاری کی ہے۔ اتر پردیش میں 15 اکتوبر2026  سے مٹھائیوں پر ’یوز بائی ڈیٹ‘ یعنی استعمال کی آخری تاریخ کا اندراج لازمی ہوگا۔ اس ضابطے کے نافذ ہونے میں اب محض 2 دن باقی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ نیا نظام صرف پیک شدہ مٹھائیوں تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دکانوں پر کھلی اور فروخت کے لیے سجا کر رکھی گئی مٹھائیوں پر بھی نافذ ہوگا۔ ’فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ‘ کی کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب نے 27 ستمبر کو اس سلسلے میں تفصیلی حکم جاری کیا تھا۔ جس کا مقصد صارفین کو مٹھائیوں کی تازگی، معیار اور ان کے استعمال کی محفوظ مدت کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرنا ہے۔ نیا نظام نافذ ہونے کے بعد صارفین مٹھائی خریدنے کے وقت یہ جان سکیں گے کہ متعلقہ مٹھائی کو کس تاریخ تک استعمال کرنا مناسب ہے۔

نئے ضابطے کے مطابق مٹھائی فروخت کے لیے رکھی گئی اور ذخیرہ کی گئی مٹھائیوں کے استعمال کی آخری تاریخ واضح طور پر بتانی ہوگی۔ اس سے صارفین کو مٹھائی کے معیار اور اس کے استعمال کی مدت کے بارے میں معلومات مل سکیں گی۔ دکانداروں کو یہ معلومات ایسی جگہ پر درج کرنی ہوں گی، جہاں صارفین انہیں آسانی سے دیکھ سکیں۔ اب تک محکمہ جاتی معائنے کے دوران یہ مسئلہ سامنے آیا تھا کہ مٹھائیوں کی تیاری کی تاریخ اور استعمال کی مدت سے متعلق معلومات واضح طور پر دستیاب نہیں ہوتی تھیں۔ اسی کمی کو دور کرنے اور مٹھائیوں کے کاروبار میں شفافیت بڑھانے کے مقصد سے نیا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس ضابطے میں تمام مٹھائیوں کے لیے استعمال کی ایک جیسی مدت مقرر نہیں کی گئی ہے۔

مٹھائی کی نوعیت، اس میں استعمال ہونے والے اجزا، بنانے کے طریقۂ کار اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کی بنیاد پر کاروباری افراد اس کی شیلف لائف یعنی استعمال کی مدت طے کریں گے۔ نئے نظام کے تحت کاروباری افراد کی ذمہ داری صرف مٹھائی پر استعمال کی آخری تاریخ درج کرنے تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ انہیں اعلان کردہ مدت کے دوران مصنوعات کے معیار اور غذائی تحفظ کے معیار کو بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر کسی دکاندار نے کسی مٹھائی کے استعمال کی مدت 5 دن مقرر کی ہے، تو اسے ان 5 دنوں کے دوران مٹھائی کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔ یہ مدت مٹھائی کی نوعیت اور اسے رکھنے کے حالات کے مطابق ہونی چاہیے۔ مختلف مٹھائیوں کے استعمال کی مدت ایک دن سے لے کر 30 دن تک ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں ایک مٹھائی کے استعمال کی مدت دوسری مٹھائی سے مختلف ہوسکتی ہے۔

کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات کے مطابق ان کے استعمال کی آخری تاریخ مقرر کرنی ہوگی۔ تہواروں کے دوران مٹھائیوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ ایسے میں صارفین کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ خریدی جانے والی مٹھائی کتنے عرصے تک استعمال کے قابل ہے۔ ’یوز بائی ڈیٹ‘ درج ہونے سے صارفین زیادہ معلومات کے ساتھ خریداری کر سکیں گے اور کافی عرصے سے رکھی ہوئی مٹھائیوں کی شناخت میں بھی مدد ملے گی۔ اتر پردیش میں 15 اکتوبر سے نافذ ہونے والا یہ نظام مٹھائی فروخت کرنے والوں کے لیے ایک نئی ذمہ داری لے کر آئے گا۔ وہیں صارفین کو مٹھائی کے استعمال کی مدت جاننے کے لیے ایک واضح بنیاد ملے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔