قومی خبریں

دہلی میں صبح سویرے بارش سے معمولات زندگی درہم برہم، اترپردیش سے بنگال تک الرٹ

محکمہ موسمیات نے بارش کے تعلق سے پیشین گوئی جاری کی ہے جس میں آج ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی ریاستوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

علامتی / تصویر یو این آئی
علامتی / تصویر یو این آئی 

اس وقت پورے ملک میں مانسون فعال ہے، جس کی وجہ سے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ راجدھانی دہلی سے لے کر پورے شمالی ہندوستان میں ہفتے کے آغاز سے ہی بارش ہو رہی ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہیں۔ کیرالہ سے لے کر آسام تک سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ آسام اور اڈیشہ کی حالت پہلے سے زیادہ خستہ دکھائی دے رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کے تعلق سے جو پیشین گوئی جاری کی ہے، اس کے مطابق آج ملک کی مختلف ریاستوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کچھ ریاستوں میں ہلکی بارش کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دہلی-این سی آر میں اس ہفتے کی شروعات سے ہی موسم خوشگوار ہے۔ دہلی میں آج صبح سے بارش ہو گئی، جو ہنوز جاری ہے۔ صبح کی بارش کے سبب موسم سہاؤنا ضرور ہو گیا ہے، لیکن معمولات زندگی درہم برہم ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح سے رات تک دہلی میں بجلی گرجنے، آندھی طوفان اور ہلکی سے تھوڑی تیز بارش ہوتی رہے گی۔ دہلی میں 11 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ آج دہلی میں درجۂ حرارت 23 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اترپردیش کے کئی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج مشرقی اتر پردیش میں کچھ مقامات پر بارش کے امکانات ہیں، اور مغربی اترپردیش میں بھی کئی جگہوں پر بارش ممکن ہے۔ کل بھی یوپی کے مختلف مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بہار میں بھی مختلف مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بہار میں آج سے 8 اگست تک کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ جھارکھنڈ کے شمالی اور وسطی اضلاع میں درمیانی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ راجستھان کے شمالی اور مشرقی حصوں میں مانسون کا اثر زیادہ ہو سکتا ہے۔ کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں 50 سے 60 میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں بھی شدید بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے ہوشیار پور سمیت کئی اضلاع میں بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، ساتھ ہی ہریانہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آسام، اروناچل پردیش، سکم، ناگالینڈ اور تریپورہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مغربی بنگال اور اڈیشہ کے کئی حصوں میں بھی بارش کا قوی امکان ہے۔ جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ سمندری علاقوں میں تیز ہوائیں اور اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ اتراکھنڈ کے دہرادون میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اتراکھنڈ کے نینی تال، چمپاوت، ٹہری، پتھورا گڑھ اور آس پاس کے علاقوں میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ ہماچل پردیش کے کانگڑا، منڈی، کلو، چنبا، شملہ اور ہمیر پور سمیت کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا الرٹ ہے۔ جموں و کشمیر کے سری نگر، بارہمولہ، اننت ناگ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔