قومی خبریں

نوئیڈا: الیکٹرک بائک میں اسپارکنگ سے ممورا میں لگی خوفناک آگ، 2 افراد جاں بحق، تقریباً 50 لوگوں کا ہوا ریسکیو

ممورا کی تنگ گلیوں کے باعث فائر بریگیڈ اہلکاروں کو بچاؤ مہم چلانے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعہ کے بعد ایک بار پھر کثیر منزلہ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

 

نوئیڈا کے ممورا گاؤں میں بدھ کے روز ایک عمارت میں خوفناک آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 2 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اب تک اس عمارت سے تقریباً 50 افراد کو بحفاظت باہر نکالا گیا ہے۔ آگ لگنے کے بعد پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ اس عمارت میں رہنے والے کچھ لوگ اب بھی اندر پھنسے ہوئے بتائے جا رہے ہیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

اس درمیان پولیس نے 5 منزلہ اس مکان کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ پولیس انھیں گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کرے گی، یا پھر حادثے کے بارے میں تھوڑی بہت پوچھ تاچھ کر کے چھوڑ دے گی۔ آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک بائک میں ہونے والی اسپارکنگ کو قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مکان کے اندر کھڑی الیکٹرک بائک میں اچانک چنگاری اٹھی، جس کے بعد آگ نے تیزی سے پورے احاطے کو اپنی زد میں لے لیا۔ حالانکہ مصدقہ طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ الیکٹرک بائک کی چنگاری ہی آگ کی وجہ بنی۔ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے فائر محکمہ اور پولیس تحقیقات کر رہے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مکان میں موجود کئی لوگ اندر ہی پھنس گئے۔ فائر محکمہ کی ٹیم نے فوری طور پر راحت اور بچاؤ مہم چلاتے ہوئے تقریباً 50 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے سیڑھیوں اور دیگر آلات کی مدد سے لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔ کچھ افراد کو ایک مکان سے دوسرے مکان تک سیڑھی رکھ کر باہر نکالا گیا۔

پولیس اس حادثے میں ہلاک 2 افراد کی شناخت اور آگ لگنے کے وقت ان کی موجودگی سے متعلق معلومات جمع کر رہی ہے۔ لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس حادثہ کے تمام پہلوؤں کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس اور فائر محکمہ کے افسران جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کر رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں الیکٹرک بائک سے اسپارکنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، لیکن اصل وجہ فورنسک اور تکنیکی جانچ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی لاپروائی سامنے آتی ہے تو اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثہ میں ایک خاتون اور ایک مرد کی موت ہوئی ہے۔ خاتون کی عمر تقریباً 26 سال بتائی جا رہی ہے۔ ممورا کی تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باعث فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو راحت اور بچاؤ مہم چلانے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعہ کے بعد ایک بار پھر کثیر منزلہ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گنجان آبادی والے علاقوں میں فائر سیفٹی کے معیارات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔