
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ سڑکوں پر نماز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ عبادت گاہوں یا شفٹ میں نماز ادا کریں، ورنہ حکومت سخت کارروائی کرے گی۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سڑکوں پر نماز ادا کرنے کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں عوامی سڑکوں پر نماز نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ لوگ اگر بات چیت اور قانون سے مان جائیں تو بہتر ہے، ورنہ حکومت سخت طریقہ اپنانے سے بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
Published: undefined
لکھنؤ میں ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ کیا اتر پردیش میں اب سڑکوں پر نماز نہیں ہوتی؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ریاست میں سڑکوں پر نماز قطعی طور پر نہیں ہونے دی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں آمد و رفت کے لیے ہوتی ہیں، انہیں کسی بھی صورت میں بند یا متاثر نہیں ہونے دیا جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کسی مقام پر نمازیوں کی تعداد زیادہ ہو تو لوگ شفٹ میں نماز ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عبادت سے نہیں روک رہی لیکن قانون اور نظم و ضبط سب کے لیے یکساں ہے۔ ان کے مطابق ہر شخص کو اپنے مذہبی مقام یا مناسب جگہ پر عبادت کرنی چاہیے، نہ کہ عوامی سڑکوں پر۔
Published: undefined
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ حکومت کسی بھی صورت میں سڑکوں پر افراتفری یا رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام شہری، مریض، ملازمین، مزدور اور تاجر سڑکوں سے گزرتے ہیں، اس لیے کسی کو بھی راستہ روکنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے آبادی کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں کے پاس مناسب جگہ نہیں ہے تو انہیں تعداد کو قابو میں رکھنے کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام کے ساتھ چلنے کے لیے قوانین اور ضابطوں پر عمل ضروری ہے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ بیان خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اس سال 28 مئی کو مسلمان عیدالاضحیٰ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ کئی شہروں میں مساجد اور عیدگاہوں میں جگہ کم پڑنے کے باعث عیدین یا بعض اوقات نماز جمعہ کے دوران کچھ لوگ مسجدوں کے باہر یا سڑکوں پر بھی نماز ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ تاہم، موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اس معاملہ میں انتہائی سخت رویہ اپنایا جاتا ہے اور اب باقاعدہ طور پر پولیس گشت کر کے یہ یقینی بناتی ہے کہ کوئی بھی شخص سڑک پر نماز ادا نہ کرے۔
Published: undefined
یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان کو بھی اس بات کا اشارہ مانا جا رہا ہے کہ اتر پردیش حکومت عوامی سڑکوں پر نماز ادا کرنے کے معاملہ میں مزید سخت اقدامات لے سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت پہلے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پیار سے مانیں گے تو ٹھیک، نہیں مانیں گے تو دوسرا طریقہ اپنائیں گے۔‘‘
یوگی آدتیہ ناتھ نے بریلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بعض لوگوں نے طاقت آزمانے کی کوشش کی تھی لیکن حکومت نے اپنی طاقت بھی دکھا دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی اور تمام قوانین سب پر یکساں طور پر نافذ ہوں گے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined