قومی خبریں

نیٹ یو جی کاؤنسلنگ 2026 کا شیڈول ہوا جاری، 5 اگست سے شروع ہوگا رجسٹریشن

امیدوار اب کاؤنسلنگ سے متعلق تمام قواعد، اہلیت، نشستوں کی تقسیم کے عمل اور ضروری رہنما ہدایات سرکاری ویب سائٹ mcc.nic.in پر دیکھ سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>طلبا کی علامتی تصویر</p></div>

طلبا کی علامتی تصویر

 

میڈیکل کاؤنسلنگ کمیٹی (ایم سی سی) نے نیٹ یو جی کاؤنسلنگ سے متعلق انفارمیشن بلیٹن اور کاؤنسلنگ اسکیم جاری کر دی ہے۔ امیدوار اب کاؤنسلنگ سے متعلق تمام قواعد، اہلیت، نشستوں کی تقسیم کے عمل اور ضروری رہنما ہدایات سرکاری ویب سائٹ mcc.nic.in پر دیکھ سکتے ہیں۔ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور بی ایس سی نرسنگ میں آل انڈیا کوٹہ اور دیگر مرکزی اداروں کی نشستوں کے لیے رجسٹریشن 5 اگست 2026 سے شروع ہوگا۔

دی گئی جانکاری کے مطابق کاؤنسلنگ کا عمل چار مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 5 اگست سے شروع ہو کر 12 اگست 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 17 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ دوسرے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 25 اگست سے شروع ہوگا اور 29 اگست 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 2 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ تیسرے راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن 11 ستمبر سے شروع ہو کر 15 ستمبر 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 18 ستمبر کو سامنے آئے گا۔

اس کے بعد آن لائن اسٹری ویکنسی راؤنڈ ہوگا، جس کے لیے رجسٹریشن 28 ستمبر سے شروع ہو کر 30 ستمبر 2026 کو دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا اور نشستوں کی تقسیم کا نتیجہ 3 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ امیدوار صرف تیسرے راؤنڈ تک نشست اپگریڈ کرنے کا اختیار استعمال کر سکیں گے۔ اس کے بعد اگر کوئی امیدوار مختص کی گئی نشست پر داخلہ لے لیتا ہے تو وہ نشست چھوڑ کر کاؤنسلنگ کے کسی مزید مرحلے میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

ایم سی سی آن لائن طریقے سے آل انڈیا کوٹہ کی 15 فیصد نشستوں، ڈیمڈ یونیورسٹیوں کی 100 فیصد نشستوں، ایمس اور جپمر کے ساتھ ساتھ دہلی یونیورسٹی، بنارس ہندو یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ جیسی مرکزی یونیورسٹیوں کی نشستوں کے لیے کاؤنسلنگ منعقد کرے گی۔ اس کے علاوہ ای ایس آئی سی انسورڈ پرسن کوٹہ، کچھ مرکزی بی ایس سی نرسنگ اداروں اور اے ایف ایم سی کے لیے بھی کاؤنسلنگ کا عمل ہوگا، تاہم اے ایف ایم سی کے معاملے میں صرف رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔