
تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
دہلی پولیس نے دہلی کے وزیر پرویش ورما کے خلاف نان کوگنائزیبل رپورٹ (این سی آر) درج کی ہے۔ انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 115 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری طرف پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے انجینئروں کی طرف سے دائر شکایت کی بنیاد پر عآپ ایم ایل اے جرنیل سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
دہلی پولیس نے بتایا کہ صاحب سنگھ نامی شخص نے پرویش ورما کے خلاف تھپڑ مارنے کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس شکایت کی قانونی بنیاد پر دہلی پولیس نے پرویش ورما کے خلاف نان کوگنائزیبل رپورٹ (این سی آر) درج کی ہے اور اب وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پرویش ورما کے خلاف کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 115 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے جرنیل سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے انجینئروں کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔رکن اسمبلی پر سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی پی ڈبلو ڈی کےانجینئروں کی شکایت کی بنیاد پر کی ہے۔
دراصل، اتوار کو دہلی میں سڑک کے معائنہ کے دوران ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا جب صاحب سنگھ نام کا ایک نوجوان سڑک کی تعمیر اور اس کے معیار سے متعلق مسائل یو ٹیوب پر فلم بنا رہا تھا۔ اس نےدہلی کے وزیر پرویش ورما سے شکایت کی، جو سڑک کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔ ایک تنازعہ ہوا اور وزیر پرویش ورما نے صاحب سنگھ کو تھپڑ مار دیا، جس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ورما نے واضح کیا کہ جب جرنیل سنگھ کے کارکنان میں سے ایک نے ان کے ساتھ بدسلوکی شروع کی تو اس نے غصے میں آکر وہی کیا جو کوئی کرتا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔