قومی خبریں

17 سال بعد موسیقار اسماعیل دربار کو ملا انصاف

اسماعیل دربار کی والدہ کی موت سے متعلق 2009 کے معاملے میں سورت کی ضلعی عدالت نے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کو طبی غفلت کا قصوروار قرار دیا ہے۔ اس غفلت کے لیے انہیں 2 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

عدالت، علامتی تصویر
عدالت، علامتی تصویر 

موسیقار اسماعیل دربار کی والدہ کی موت سے متعلق 2009 کے معاملے میں سورت کی ضلعی عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کو طبی غفلت کا قصوروار قرار دیا ہے۔ اس غفلت کے لیے انہیں 2 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں تسلیم کیا کہ علاج کے دوران سنگین لاپروائی کے باعث 70 سالہ زیتون بی بی کی جان گئی تھی۔ تقریباً 17 سال تک جاری رہنے والی طویل قانونی لڑائی اور سماعت کے بعد آنے والا یہ فیصلہ اب سرخیوں میں ہے۔

شکایت کنندہ اور استغاثہ کے وکیل کیتن ریشم والا کی دلیلیں سننے کے بعد سورت کے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کو قصوروار ٹھہرایا گیا۔ اس فیصلہ کے بعد طبی شعبہ میں بھی خاصی بحث اور ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ وکیل کیتن ریشم والا کے مطابق تحقیقات اور مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 16 سے زیادہ گواہوں سے پوچھ گچھ کی اور ان کے بیانات درج کرائے۔ ان میں اسماعیل دربار کے اہل خانہ کے علاوہ علاج سے وابستہ ماہر ڈاکٹر، دیگر معالجین اور پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر بھی شامل تھے، جن سے بطور گواہ جرح کی گئی۔

ابتدا میں ڈاکٹر پریش بھجیاوالا، نرس چنچوبین اور اسپتال کے ذمہ دار ڈاکٹروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، لیکن تحقیقاتی افسر نے اس وقت ایم بی بی ایس کی ڈگری رکھنے والے اور اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر پریش بھجیاوالا اور نرس چنچوبین کے خلاف ہی چارج شیٹ داخل کی تھی۔

یہ واقعہ جنوری 2009 میں سورت کے گریش گروپ آف ہاسپیٹل (جی جی ایچ) میں پیش آیا تھا۔ اسماعیل دربار کی والدہ زیتون بی بی کو بخار اور دیگر بیماریوں کی شکایت کے بعد یہاں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔ علاج کے دوران کمر میں درد ہونے پر اسپتال کے عملہ نے ان کی کمر پر گرم پانی کی تھیلی (ہیٹ بیگ) رکھی تھی۔ اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹر کی سنگین لاپروائی کے باعث گرم پانی کی یہ تھیلی پوری رات ان کے جسم کے نیچے دبی رہی۔

وکیل کیتن ریشم والا نے بتایا کہ پوری رات گرم پانی کی تھیلی جسم کے رابطے میں رہنے کے باعث زیتون بی بی کی کمر بری طرح جھلس گئی تھی اور وہاں ایک بڑا زخم (سوراخ) ہو گیا تھا۔ اس سنگین چوٹ کے باعث ان کی قوت مدافعت بہت کمزور ہو گئی تھی۔ اس کے بعد ان کی طبیعت مسلسل بگڑتی گئی اور وہ دوبارہ کبھی بستر سے اٹھ نہیں سکیں۔ بالآخر 11 فروری 2009 کو علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ والدہ کی موت کے بعد اسماعیل دربار نے اسپتال انتظامیہ کی سنگین لاپروائی کے خلاف آواز اٹھائی اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی۔

وکیل کیتن ریشم والا نے بتایا کہ اس معاملے میں مجموعی طور پر 2 لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا، جن میں ڈاکٹر پریش بھجیاوالا اور نرس چنچوبین شامل ہیں۔ طبی لاپروائی کے اس سنگین معاملے میں پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار بھی کیا تھا، جس کے بعد مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تھی۔ سماعت کے دوران نرس چنچوبین ضمانت پر رہا ہوئی تھیں، لیکن مقدمہ کی سماعت کے دوران ہی وہ فرار ہو گئیں اور فی الحال انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس معاملے میں ڈاکٹر پریش بھجیاوالا کے خلاف مقدمہ کی سماعت جاری رہی، جس میں ان کی طبی لاپروائی واضح طور پر ثابت ہونے کے بعد انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ 2009 کے اس مشہور معاملے میں ڈاکٹر کو قصوروار قرار دیے جانے سے لاپروائی برتنے والے ڈاکٹروں کے لیے ایک انتباہی مثال سامنے آئی ہے۔ وکیل کا ماننا ہے کہ اگرچہ فیصلہ آنے میں 17 سال لگ گئے، لیکن فیصلہ درست آیا ہے اور اس سے ایک مثال قائم ہوگی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔