قومی خبریں

ممبئی کو مہنگائی کا دوہرا دھچکا، آٹو اور کالی-پیلی ٹیکسی کے کرایوں کے ساتھ سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں اضافہ

ایم جی ایل نے پیر کے روز یہ اطلاع دی کہ ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں اب سی این جی کی نئی قیمت 88 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ یکم ستمبر کی نصف شب سے نافذ ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ممبئی آٹو، سوشل میڈیا</p></div>

ممبئی آٹو، سوشل میڈیا

 

ممبئی میں مقیم لوگوں کی جیب پر یکم ستمبر سے دوہرے جھٹکے لگنے والے ہیں۔ ایک طرف گیس کمپنی مہانگر گیس نے سی این جی اور گھریلو پی این جی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، تو دوسری طرف ٹیکسی اور آٹو کا کرایہ بھی بڑھ گیا ہے۔ مہانگر گیس نے سی این جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو اور گھریلو پائپڈ نیچرل گیس یعنی پی این جی میں 1 روپے فی ایس سی ایم کا اضافہ کیا ہے۔ وہیں ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں ٹیکسی اور آٹو رکشہ کا کم از کم کرایہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ دونوں ہی تبدیلیاں یکم ستمبر سے نافذ ہو چکی ہیں۔ مہانگر گیس یعنی ایم جی ایل نے پیر کے روز یہ اطلاع دی کہ ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں اب سی این جی کی نئی قیمت 88 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ یکم ستمبر کی نصف شب سے نافذ ہوا ہے۔ کمپنی نے اس کی وجہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کو بتایا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کشیدگی کی وجہ سے بین الاقوامی بازار سے منسلک گیس کی قیمتیں کافی بڑھ گئی ہیں، جس کا براہ راست اثر ان کی لاگت پر پڑا ہے۔ ایم جی ایل کا کہنا ہے کہ سی این جی کی زبردست مانگ ہے اور اس کے لیے ضروری گیس کا بڑا حصہ مہنگی قیمتوں پر درآمد کی گئی اسپاٹ آر ایل این جی سے پورا کیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ بڑھتی ہوئی لاگت کے صرف ایک جزوی حصے کو ہی پورا کر پائے گا، لیکن صارفین کو مسلسل سی این جی کی سپلائی ملتی رہے گی۔ اس اضافے کا اثر ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، رتناگیری، لاتور اور دھاراشیو کے ساتھ ہی کرناٹک کے چترادرگ اور داونگیرے میں رہنے والے تقریباً 13 لاکھ سی این جی گاڑی مالکان پر پڑے گا۔ ان تمام مقامات پر گاڑیاں ایم جی ایل کے نیٹ ورک سے ہی گیس حاصل کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ گھریلو پی این جی استعمال کرنے والے تقریباً 30 لاکھ صارفین کو بھی اب 1 روپے فی ایس سی ایم زیادہ ادائیگی کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل ہی دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں گیس سپلائی کرنے والی کمپنی اندراپرستھ گیس نے بھی سی این جی کی قیمت میں 3.89 روپے فی کلو کا اضافہ کرکے 86.98 روپے فی کلو کر دیا تھا۔ وہیں ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں سفر کرنے والوں کو اب آٹو اور ٹیکسی کے لیے زیادہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ اب آٹو رکشہ کا کم از کم کرایہ 27 روپے اور کالی پیلی ٹیکسی کا کم از کم کرایہ 33 روپے ہو گیا ہے۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ٹرانسپورٹ اتھارٹی یعنی ایم ایم آر ٹی اے نے کرایوں میں اس اضافے کو منظوری دی ہے۔ آٹو رکشہ کے کرایے میں 1 روپے اور ٹیکسی کے کرایے میں 2 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ٹیکسی کا کرایہ 20.66 روپے فی کلومیٹر سے بڑھ کر 21.90 روپے فی کلومیٹر ہو گیا ہے، جبکہ آٹو رکشہ کا کرایہ 17.14 روپے سے بڑھ کر 18.22 روپے فی کلومیٹر کر دیا گیا ہے۔ ٹیکسی میں پہلے 1.5 کلومیٹر کے لیے اب 31 روپے کے بجائے 33 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

آر ٹی او حکام کے مطابق ڈرائیور یا تو اپنے الیکٹرانک میٹر کو نئی شرحوں کے مطابق کیلیبریٹ کروا سکتے ہیں، یا پھر آر ٹی او سے منظور شدہ کرایہ کی فہرست گاڑی میں چسپاں کر سکتے ہیں۔ میٹر دوبارہ کیلیبریٹ کروانے کے لیے ڈرائیوروں کو نومبر کے آخر تک یعنی 3 ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ جو ڈرائیور مقررہ مدت میں ایسا نہیں کریں گے، انہیں جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں ساڑھے 4 لاکھ سے زیادہ آٹو رکشہ اور 50 ہزار سے زائد کالی پیلی ٹیکسیاں چلتی ہیں، اور ان میں سے زیادہ تر سی این جی پر ہی چلتی ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ گزشتہ دنوں کرایہ فروری 2025 میں بڑھایا گیا تھا، یعنی تقریباً 18 ماہ بعد اب دوبارہ کرایہ بڑھایا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔