بامبے ہائی کورٹ
تصویر:سوشل میڈیا
ممبئی کے بھنڈی بازار میں واقع خستہ حال حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ کے انہدام کے معاملے میں جمعرات کو بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت 25 نومبر کو مقرر کی ہے۔ اس دوران انہدام کا کام روک دیا گیا ہے اور اب تک کی گئی کارروائی کی تصاویر لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عرضی گزار کی جانب سے پیش ہونے والی وکیل ثنا یوسف نے بتایا کہ مسافر خانہ میں انہدام کا کام فی الحال روک دیا گیا ہے۔ اب تک جتنا کام ہوا ہے، اس کی تصاویر لی جائیں گی۔ آئندہ سماعت یعنی 25 نومبر تک اس سلسلے میں مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔
سماعت کے دوران عرضی گزاروں نے دلیل دی کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اچانک نوٹس جاری کر کے انہدام کی کارروائی شروع کر دی اور انہیں مناسب وقت نہیں دیا۔ اس پر بی ایم سی کے وکلاء نے اس دعوے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پہلا نوٹس 2018 میں ہی جاری کیا گیا تھا۔ عدالت نے سماعت کے دوران یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا متعلقہ جائیداد وقف بورڈ کی ہے یا نہیں۔ عرضی گزاروں نے بتایا کہ اس معاملے کی سماعت کووڈ-19 وبا کے دوران ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ بھی کر چکی ہے۔
دراصل بی ایم سی نے بھنڈی بازار میں واقع اس عمارت کو سی-1 زمرے میں رکھا ہے، جسے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ شہری ادارے نے عمارت کی خستہ حالی کا حوالہ دیتے ہوئے اسے منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی تھی۔ یہ کارروائی بھنڈی بازار کی بازآبادکاری اور سڑک کو چوڑا کرنے کے منصوبے سے بھی جڑی ہوئی ہے۔
دوسری جانب مقامی مسجد کے نمائندوں اور درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع نماز کا کمرہ مسجد ہے اور وقف کی جائیداد کے دائرے میں آتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہدام سے متعلق سابقہ احکامات پر 2024 اور 2025 میں روک لگائی گئی تھی۔ جائیداد کی وقف حیثیت سے متعلق تنازعہ فی الحال وقف ٹریبونل کے سامنے زیر التوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بی ایم سی نے 16 نومبر کو نوٹس جاری کر کے 18 اور 19 نومبر کو انہدام کی کارروائی کرنے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد 19 نومبر کو پولیس کی حفاظت میں کارروائی شروع کی گئی تھی۔ اب ہائی کورٹ میں معاملے کی آئندہ سماعت 25 نومبر کو ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔