
انڈیا بلاک کی میٹنگ کا منظر، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت کے سامنے 2 اہم سوالات رکھے ہیں اور کہا ہے کہ وہ ’انڈیا‘ کو جواب دے۔ سوالات طلبا کے ساتھ ہوئی بربریت اور رام مندر چندہ چوری سے جڑا ہوا ہے۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی موجودگی میں آج انڈیا بلاک کے لیڈران کی میٹنگ ہوئی، جس کے بعد کھڑگے نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں انھوں نے ایک سوال مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے منسوب کیا ہے، جبکہ دوسرا سوال پی ایم مودی کے لیے ہے۔
اپنی پوسٹ میں کانگریس صدر نے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کو INDIA کو جواب دینا ہوگا: 1. وزیر داخلہ کو پارلیمنٹ میں آ کر طلبا پر لاٹھی چارج اور پیلیٹ گن سے کی گئی کارروائی کی وضاحت دینی ہوگی۔ 2. وزیر اعظم کو جواب دینا ہوگا کہ شری رام مندر کو عطیہ کردہ چندہ-چڑھاوا کی رقم کس طرح چوری ہو گئی، جبکہ ٹرسٹ وزیر اعظم کی نگرانی میں تھا۔‘‘ ان دونوں ہی معاملوں میں اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مودی حکومت کو نشانہ بنا رہی ہیں اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اس معاملہ پر رخنہ انداز بھی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آج اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمانی احاطہ میں طلبا پر ہوئی پولیس بربریت اور رام مندر چندہ چوری معاملہ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ گزشتہ دنوں کی طرح پرینکا گاندھی، ڈمپل یادو اور جیہ بچن نے ڈونیشن باکس میں چندہ دے کر علامتی طور پر چندہ چوری کے خلاف اپنا احتجاج درج کیا۔ اس درمیان ’چندہ چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ بھی بلند ہوا۔ اس مظاہرہ کی کچھ تصویریں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں۔ ایک پوسٹ میں پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی جوابدہی سے بھاگنے کی لاکھ کوشش کر لے، لیکن حکومت کو جواب دینا ہوگا۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔