
راہل گاندھی سیلون میں ٹریمنگ کرواتے ہوئے (فائل)، تصویر سوشل میڈیا
لوک سبھا انتخابات کے دوران کانگریس رہنما راہل گاندھی نے رائے بریلی میں ایک سیلون والے کے یہاں داڑھی اور بال کٹوائے تھے، جس کا ویڈیو خوب وائرل ہوا تھا، اب اس سیلون والے کو راہل کی طرف سے ایک سرپرائز گفٹ ملا ہے۔ گفٹ میں ایک شیمپو چیئر، دو ہیئر کٹنگ چیئر اور ایک انورٹر بیٹری شامل ہے۔ راہل گاندھی کی طرف سے ملے اس تحفہ کو حاصل کرکے سیلون مالک متھن پھولے نہیں سما رہے ہیں۔
متھن نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلون کا سامان آنے کے بعد ان کا کاروبار اور بڑھے گا۔ اس کے لیے ان کا (راہل) جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے وہ کم ہے۔ یہ تحفہ ان کی زندگی کے لیے بیش قیمت ہے۔ اسے ہم ہی نہیں ہماری نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
متھن نے راہل گاندھی کی دوبارہ کٹنگ اور داڑھی بنانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے انہیں اپنی دکان پر بلانے کے لیے دعوت بھیجنے کی بات بھی کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہل گاندھی دکان پر دوبارہ آئیں گے تو ان کی خوش قسمتی ہوگی۔ جس کرسی پر بیٹھ کر انہوں نے بال کٹوائے ہیں، وہ دکان میں رہے گی۔ اسی سے ہمارے دن سدھرے ہیں اور کاروبار بڑھا ہے۔ اب نیا سامان آنے کے بعد منافع میں اور اضافہ ہونے کی امید ہے۔ راہل کا تحفہ ملنے کے بعد متھن کے سیلون میں دن بھر گاہکوں کی بھیڑ رہی اور تقریباً 50 لوگ پہنچے۔
غور طلب رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران 13 مئی کو بیسوارا انٹر کالج کے میدان میں انتخابی جلسہ کو خطاب کرنے کے بعد واپسی کے وقت راہل گاندھی اچانک لال گنج کے برجندر نگر محلے میں سیلون چلانے والے متھن کی دکان پر پہنچ گئے تھے۔ ہہاں پر انہوں نے متھن سے بال کٹوائے اور داڑھی کی سیٹنگ کرائی۔ اس دوران متھن کے ساتھ راہل کی خوب بات چیت بھی ہوئی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔