قومی خبریں

’پرانے دنوں کی یادیں تازہ ہو گئیں‘، سونیا گاندھی ملاقات کرنے پہنچیں تو لالو نے خوشی کا کیا اظہار

سونیا گاندھی اور لالو پرساد کی ملاقات کو انڈیا بلاک کی یکجہتی کی شکل میں دیکھا جا رہا ہے۔ ان دونوں کے درمیان سیاسی تعلقات پرانے دور سے ہی اچھے رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/laluprasadrjd">@laluprasadrjd</a></p></div>

سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، تصویر ’ایکس‘ @laluprasadrjd

 

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی آج راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو یادو سے ملاقات کرنے پہنچیں۔ دونوں کے درمیان یہ ملاقات لوک سبھا رکن اور لالو یادو کی بیٹی میسا بھارتی کے دہلی واقع رہائش پر ہوئی۔ لالو فیملی کی طرف سے اس ملاقات کو عام ملاقات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ لالو پرساد کی عیادت کرنے پہنچی تھیں۔ حالانکہ اس میٹنگ کے کئی سیاسی معنی نکالے جا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ’انڈیا بلاک‘ نے اس وقت الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔ ایسے حالات میں سونیا گاندھی اور لالو پرساد کی ملاقات کو انڈیا بلاک کی یکجہتی کی شکل میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ سونیا گاندھی اور لالو یادو کے سیاسی تعلقات پرانے دور سے ہی اچھے رہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے خلاف چل رہی مہم کو مزید مضبوطی مل سکتی ہے۔

اس ملاقات کے بعد لالو پرساد نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’عزت مآب میڈم سونیا گاندھی جی نے گھر پر پہنچ کر صحت سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ پرانے دنوں کی یادیں تازہ ہو گئیں۔ گفتگو ہوئی کہ کس طرح یو پی اے حکومت کے دنوں میں ہم لوگوں نے نوجوانوں، کسانوں، جوانوں اور عام لوگوں کے لیے شفاف و فلاحی منصوبے نافذ کیے، ساتھ ہی منریگا، آر ٹی ای، آر ٹی آئی جیسے قوانین سے ملکی باشندوں کو مضبوط کیا گیا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’گفتگو میں یہ بھی یاد کیا گیا کہ سردار منموہن سنگھ جی کی قیادت میں بہار کی ترقی کے لیے کس طرح 1.45 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی گئی۔‘‘

سونیا گاندھی اور لالو پرساد کی ملاقات کے وقت بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ انھوں نے اس ملاقات کے تعلق سے کہا کہ ’’لالو جی اپنے روٹین میڈیکل چیک اپ کے لیے دہلی آئے تھے۔ کل میری بھی سونیا جی سے ملاقات ہوئی تھی، جس دوران ہم نے انھیں اس بارے میں بتایا۔ انھوں نے خود لالو جی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی، اس لیے آج وہ ان سے ملنے آئیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لالو جی اور سونیا جی کے درمیان شروع سے ہی تعلقات اچھے رہے ہیں۔ مشکل وقت میں بھی وہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے اور ایک دوسرے کی حمایت کی۔ ہماری فیملی اور گاندھی فیملی کے درمیان بھی طویل مدت سے اچھے تعلقات رہے ہیں۔ آج کی ملاقات کا مقصد لالو جی کی صحت کے بارے میں جاننا تھا۔ وہ دونوں کافی وقت سے ملے نہیں تھے، اس لیے آج ان کی ملاقات ہوئی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔