
ای ڈی، تصویر/آئی اے این ایس
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گھر خریداروں کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی سے متعلق امرپالی گروپ اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے تحت دہلی کے پوش علاقے مہارانی باغ میں 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ایک مکان ضبط کیا ہے۔ انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت درج یہ معاملہ اتر پردیش پولیس اور دہلی پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ (ای او ڈبلیو) کی جانب سے درج کی گئی 18 ایف آئی آر سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ گروپ نے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں کئی رہائشی منصوبے شروع کیے اور 36 ماہ کے اندر فلیٹ دینے اور یقینی منافع کا وعدہ کر کے گھر خریداروں سے بڑی رقم جمع کی۔
ای ڈی کے مطابق یہ منصوبے مکمل نہیں ہوئے اور گھر خریداروں کو نہ تو فلیٹوں کا قبضہ دیا گیا اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی گئی۔ ای ڈی کے الزامات پر کمپنی کا فوری ردعمل سامنے نہیں آسکا ہے۔ ایجنسی کے مطابق فارنسک آڈٹ میں پتہ چلا کہ امرپالی گروپ نے گھر خریداروں سے جمع کی گئی 5000 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فرضی کمپنیوں اور گروپ کی دیگر کمپنیوں میں منتقل کی۔ گروپ کے ڈائریکٹروں نے پیشہ ورانہ فیس کی آڑ میں رقم کی ہیرا پھیری کی۔
ای ڈی نے کہا کہ اس رقم کا ایک حصہ امرپالی گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر انل کمار شرما اور ان کے اہل خانہ کے ذریعے قرض کی شکل میں براہ راست اور دیگر ذرائع سے دہلی کی کمپنی سُربھی ایڈورٹائزنگ کو بھیجا گیا۔ ایجنسی کے مطابق اس رقم کا استعمال دہلی کے مہارانی باغ میں واقع اے-3 (نیو) کی متعلقہ جائیداد کے سلسلے میں کیا گیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ 54.71 کروڑ روپے مالیت کی اس جائیداد کو جرم سے حاصل ہونے والی آمدنی کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے اور ای ڈی کے لکھنؤ کے علاقائی دفتر نے اسے عارضی طور پر ضبط کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔