
الور: راجستھان میں ضلع الور کے کھیرلی تھانہ علاقہ میں پولیس نے نابالغ لڑکی کا اغوا کرکے اس کے ساتھ منھ کالا کرنے والے ملزم لوو کُش کو آج گرفتار کرلیا۔ تھانہ انچارج سجن کمار نے بتایا کہ 25 مئی کو متاثرہ لڑکی کے کنبے نے ملزم لوو کُش مینا کے خلاف رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے ملزم لوو کُش کو آج گرفتار کرلیا۔
علی گڑھ کے سی ایم او نے بتایا، ’’شراب کی وجہ سے کل تک 87 لوگوں کا پوسٹ مارٹم ہوا ہے۔ ان میں سے 35 لوگوں کی موت زیادہ مقدار میں زہریلی شراب کے پینے سے ہوئی ہے۔ ہم نے بقیہ لوگوں کا بھی سیمپل لیا ہے، جس کی فارینزک جانچ کرائی جائے گی۔ آج جواں علاقہ سے 3 افراد کی موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جن کا ہم نے پوسٹ مارٹم کرا دیا ہے۔‘‘
یوپی بورڈ کے 12 ویں جماعت یعنی کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی آخر کار منسوخ کر دئے گئے۔ یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما نے اس کا اعلان کیا۔ سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای کے علاوہ کئی ریاستی تعلی بورڈوں کی جانب سے 12ویں کے امتحانات پہلے ہی منسوخ کئے جا چکے ہیں۔
دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے رام دیو کے خلاف دائر کئے گئے مقدمہ کے سلسلہ میں دہلی ہائی کورٹ نے یوگا گرو سے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے مختلف سوشل میڈیا اداروں بشمول ٹوئٹر اور میڈیا چینل، سے بھی جواب طلب کیا ہے۔ اس معاملہ پر 12 اگست کو جوانٹ رجسٹرار اور 13 اگست کو عدالت میں سماعت کی جائے گی۔
ڈاکٹروں اور میڈیکل سائنس پر سوال اٹھانے والے یوگا گرو رام دیو کو لگاتار مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی شہروں میں ڈاکٹروں نے رام دیو کے خلاف ایف آئی درج کرائی ہے اور حال ہی میں ان کے خلاف یوم سیاہ بھی منایا گیا تھا۔ اب دہلی میڈیکل اسوسی ایشن نے بھی رام دیو کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کی گئی عرضی میں رام دیو کو کورونیل دواکے حوالہ سے بیجا بیانات اور اطلاع فراہم کرنے سے روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن کے وکیل راجی دتا نے کہا، ڈی ایم اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ رام دیو کے بیانات سائنس اور ڈاکٹروں کی ساخ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ یہ مقدمہ ڈاکٹروں کے سول حقوق کے تحت درج کرایا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز سینئر صحافی ونود دوا کے خلاف ہماچل پردیش میں بی جے پی کے ایک مقامی رہنما کی طرف سے ملک دشمنی کے الزامات کے تحت درج کرائی گئی ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا۔ ونود دوا پر الزام تھا کہ انہوں نے یوٹیوب شو پر وزیر اعظم اور مرکزی حکومت کے خلاف بیان دے کر ملک کے خلاف بغاوت کی ہے۔ ہماچل پردیش حکومت اور اس معاملے میں شکایت کنندہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد جسٹس یو یو للت اور جسٹس وینیٹ سرن کے بنچ نے 6 اکتوبر 2020 کو فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 34 ہزار 154 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 2 لاکھ 11 ہزار 499 مریضوں نے شفایابی حاصل کی جبکہ 2887 افراد نے دم توڑ دیا۔
ڈومینیکا میں ایک مجسٹریٹ عدالت نے مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی کی درخواست ضمانت کو نامنظور کر دیا۔ چوکسی فی الحال ڈومینیکا میں غیر قانون طریقہ سے داخل ہونے کے الزام میں جیل میں قید ہے۔ چوکسی کے ہندوستان میں موجود وکیل وجے اگروال نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں ڈومینیکا کی اعلیٰ عدالت میں درخواست پیش کی جائے گی۔
گجرات میں جوناگڑھ میٹروپولیٹن کے سابق میئر اور کانگریس رہنما لاکھابھائی پرمار کے 48 سالہ بیٹے دھرمیش پرمار کا کل بلکھا روڈ علاقے میں بدمعاشوں نے قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دھرمیش بھائی اپنے اسکوٹر پر کہیں جارہے تھے۔ حملہ آوروں نے ایک کے بعد ایک ان پر حملہ کیا۔شدید زخمی حالت میں انہیں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ دریں اثناء ، راجکوٹ تعلقہ پولیس نے اطلاع کی بنیاد پر مبینہ طور پر تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Jun 2021, 7:56 AM IST