
انکیتا بھنڈاری کی حمایت میں کینڈل مارچ کی فائل تصویر، ’ایکس‘ @INCUttarakhand
جب سے انکیتا بھنڈاری قتل واقعہ کے ملزم دُشینت گوتم کو سکم کا گورنر بنایا گیا ہے، مودی حکومت کے خلاف لوگوں کی ناراضگی روزانہ سڑکوں پر دیکھی جا رہی ہے۔ انکیتا کے والدین نے دُشینت گوتم کو گورنر بنائے جانے کے خلاف اتراکھنڈ سے دہلی آ کر مظاہرہ کیا تھا، جسے کئی سیاسی و سماجی تنظیموں نے اپنی حمایت دی۔ اب خاص طور سے کانگریس نے انکیتا کو انصاف دلانے کی مہم سڑکوں پر شروع کر دی ہے۔ اتوار کی دیر شام مہیلا کانگریس کی سربراہ الکا لامبا کی قیادت میں دہلی کے کناڈ پلیس علاقہ میں کینڈل مارچ نکالا گیا، لیکن دہلی پولیس کی کارروائی کے سبب وہاں افرا تفری پھیل گئی۔
کانگریس نے کچھ ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پُرامن کینڈل مارچ کے خلاف دہلی پولیس نے جابرانہ انداز میں کارروائی کی۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’دیوبھومی کی بیٹی انکیتا بھنڈاری کو انصاف دو۔‘‘ ساتھ ہی مطلع کیا ہے کہ ’’آج (اتوار) اس مطالبہ کے ساتھ مہیلا کانگریس کی کارکنان نے مہیلا کانگریس صدر الکا لامبا جی کی قیادت میں ’کینڈل مارچ‘ نکال کر مظاہرہ کیا۔ انصاف کے لیے اٹھی آواز سے مودی حکومت اتنا گھبرا گئی کہ مہیلا کانگریس صدر سمیت تمام کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔