موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا
دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) میں تعینات ایک افسر آلوک کمار رنجن نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ آلوک کمار رنجن کی لاش ریلوے ٹریک پر ملی ہے۔ آلوک ایک مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں ای ڈی اور سی بی آئی کی جانچ کے دائرے میں تھے۔
راجدھانی دہلی میں منگل کے روز ایک بار پھر ایمس اور صفدر جنگ سمیت کئی اسپتالوں اور ایک مال کو بم رکھے ہونے کی دھمکی والا ای میل موصول ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ای میل میں دھماکہ ہونے اور پھر سب کے خون سے شرابور ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ یہ دھمکی ملتے ہی ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا اور آناً فاناً میں پولیس نے ان احاطوں کی تلاشی شروع کر دی۔ حالانکہ اب تک کی جانچ میں کچھ بھی مشتبہ چیز نہیں ملا ہے۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ ٹھانے ضلع کے بدلاپور میں دو اسکولی طالبات کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقعہ کی ایک خاتون آئی پی ایس افسر کی قیادت میں جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں تین پولیس اہلکار کو معطل کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ مظاہرین ریلوے ٹریک پر جمع ہو کر مظاہرہ کر رہے تھے جنھیں ٹریک سے ہٹا کر ٹرین خدمات کو بحال کر دیا گیا ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 کے دوران نشانہ بازی کے مقابلوں میں ہندوستان کے لیے دو تمغے (کانسے) جیتنے والی منو بھاکر نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی کا سہرہ کسی ایک شخص کے سر نہیں جاتا بلکہ یہ جامع کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میری جیت کے لیے کوئی ایک شخص ذمہ دار نہیں ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ پوری ٹیم کی کوششوں نے مجھے فتح سے ہم کنار کیا۔ ہندوستان ترقی کر رہا ہے لیکن ہمیں ابھی بہت دور تک جانا ہوگا۔ ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے، جہاں ہم مزید تمغے اپنے نام کر سکتے ہیں اور آئندہ سالوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔‘‘
مرکزی حکومت کی طرف سے آئی اے ایس میں لیٹرل انٹری والے اشتہار پر روک لگا دی گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے حکومت کے اس معاملہ پر اپنے قدم پیچھے ہٹانے پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا، ’’آئین اور ریزرویشن سسٹم کا ہم ہر قیمت دفاع کریں گے۔ بی جے پی کی لیٹرل انٹری جیسی سازشوں کو ہم ہر حال میں ناکام کر کے دکھائیں گے۔ میں ایک مرتبہ پھر کہہ رہا ہوں- 50 فیصد ریزرویشن کی حد کو توڑ کر ہم ذات پر مبنی گنتی کی بنیاد پر سماجی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔‘‘
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سی پی پی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی سمیت پارٹی کے سینئر لیڈران نے انہیں پارلیمنٹ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
کولکاتا میں 31 سالہ خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد قتل معاملے میں سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے ڈاکٹروں کی حفاظت کے لیے نیشنل ٹاسک فورس بنانے کی بات کہی ہے۔ یہ ٹاسک فورس عدالت کی نگرانی میں بنے گا جس میں ڈاکٹروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Aug 2024, 12:34 PM IST