
سپریم کورٹ آف انڈیا
کرناٹک میں ایس سی-ایس ٹی ریزرویشن میں اضافے کے معاملے پر ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ کرناٹک حکومت نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں ریزرویشن بڑھانے والے قانون کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ حکومت چاہتی ہے کہ ایس سی اور ایس ٹی کے لیے ریزرویشن میں اضافہ کیا جائے اور اسے آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔ 2022 میں کرناٹک کی بی جے پی حکومت نے قانون بنا کر درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کا ریزرویشن 15 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کا ریزرویشن 3 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کر دیا تھا۔ اس طرح ریاست میں مجموعی ریزرویشن 50 فیصد سے بڑھ کر 56 فیصد ہو گیا تھا۔ حالانکہ 12 اکتوبر کو کرناٹک ہائی کورٹ نے اس قانون کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔
عدالت نے کہا کہ ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے 1992 میں اندرا ساہنی مقدمے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا۔ اس کے علاوہ قانون بنانے سے قبل قومی ایس سی اور ایس ٹی کمیشنوں سے مشورہ نہ لینے کو بھی طریقۂ کار کی خامی قرار دیا گیا۔ کرناٹک کے وزیر جی پرمیشور نے کہا کہ حکومت ریزرویشن میں اضافے کو برقرار رکھنے کے لیے قانونی لڑائی لڑے گی۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے فروری 2026 میں 56432 خالی آسامیوں کو پر کرنے کی منظوری دی تھی۔ ان میں ریزرویشن میں اضافے کے تحت ایس سی-ایس ٹی کے لیے مختص اضافی 6 فیصد آسامیوں کو عدالت کا حتمی فیصلہ آنے تک بیک لاگ زمرے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل 18 دسمبر 2025 کو کرناٹک اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کرکے مرکز سے 56 فیصد ریزرویشن کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ حکومت نے اس کے لیے تمل ناڈو میں نافذ 69 فیصد ریزرویشن کی مثال دی تھی۔ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے الزام لگایا کہ اس وقت کی بی جے پی حکومت نے 2022-23 میں انتخابات سے پہلے ریزرویشن بڑھانے کا قانون تو بنا دیا، لیکن اسے آئینی تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی ضروری قدم نہیں اٹھایا۔ وہیں مرکزی حکومت نے جولائی 2026 میں پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر غور ہونے کی وجہ سے 56 فیصد ریزرویشن کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز فی الحال روک دی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔