قومی خبریں

سپریم کورٹ پہنچا ’کالا ہرن‘ فلم تنازعہ، سلمان خان کو راحت دینے والے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج

دہلی ہائی کورٹ نے 27 جولائی کو سلمان خان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے امت جانی کو فلم ’کالا ہرن‘ سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>فلم ’کالا ہرن‘ کا پوسٹر، تصویر بشکریہ&nbsp;@AmitJaniIND</p></div>

فلم ’کالا ہرن‘ کا پوسٹر، تصویر بشکریہ @AmitJaniIND

 

طویل عرصے سے فلم ’کالا ہرن: دی بیٹل فار لگیسی‘ کے حوالے سے معاملہ گرم ہے۔ گزشتہ ماہ دہلی ہائی کورٹ سے سلمان خان کو بڑی راحت ملی تھی۔ عدالت نے اس فلم کے پروڈیوسر امت جانی کو پھٹکار لگائی تھی اور سوشل میڈیا سے اس فلم سے متعلق تمام ویڈیوز ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ اب خبر ہے کہ دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف امت جانی سپریم کورٹ پہنچے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے اور دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے۔

امت جانی نے دلیل دی کہ یہ حکم اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرتا ہے اور انہوں نے اس پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اس سے قبل امت جانی سے کہا تھا کہ وہ خود کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھ سکتے۔ ان کے وکیل نے دلیل دی کہ یہ صرف ایک ٹیزر تھا اور اس سے سلمان خان کے پرسنالٹی رائٹس کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ دوسری جانب سلمان خان کے وکیل نے کہا تھا کہ زیادہ تر معاملات میں بری ہونے کے باوجود اس فلم کا استعمال انہیں نشانہ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے 27 جولائی کو سلمان خان کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے امت جانی کو فلم ’کالا ہرن‘ سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اب دیکھنا ہوگا کہ سپریم کورٹ میں اس معاملے میں کیا کچھ ہوتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ امت جانی نے جب ’کالا ہرن‘ کا ٹیزر ریلیز کیا تھا اس کے بعد ہی تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ سلمان خان نے فلم کی ریلیز پر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے پرسنالٹی رائٹس کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔ سلمان خان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کی شناخت اور شبیہ کا ان کی اجازت کے بغیر غلط طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور ان کے حوالے سے لوگوں میں غلط فہمی پھیلائی جا رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔