
تصویر پریس ریلیز
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے دینی تعلیمی بورڈ کی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس مدنی ہال، نئی دہلی میں صدر دینی تعلیمی بورڈ اور مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جمعیۃ علماء ہند کے پریس بیان کے مطابق، اجلاس کی کارروائی ناظمِ عمومی دینی تعلیمی بورڈ مولانا مفتی سلمان منصور پوری کی نگرانی میں انجام پائی، جبکہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی اور مفتی سید عفان منصور پوری کی سرپرستی بھی اجلاس کو حاصل رہی۔ اس موقع پر ملک بھر سے صوبائی ذمہ داران اور اراکینِ عاملہ نے شرکت کرتے ہوئے دینی تعلیم سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
Published: undefined
اجلاس کے آغاز میں تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد سابقہ کارگزاری پیش کی گئی، جس پر شرکا نے اپنی تجاویز اور مشورے دیے۔ بعد ازاں مختلف صوبوں کی جانب سے پیش کیے گئے تقاضوں اور مسائل کا جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں دینی تعلیمی بورڈ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ملک بھر میں اس کے دائرۂ کار کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی ذمہ داران نے اپنے علاقوں میں درپیش مشکلات اور معاونین کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا، جس پر مسائل کے حل کے لیے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
Published: undefined
اجلاس میں معاونین کے تقرر، معلمین اور معلمات کی تربیت، نئے افراد کے انتخاب، مختلف زبانوں میں نصاب کے ترجمے، جمعیۃ بک ڈپو کی کتب کی فراہمی، اردو زبان کی تعلیم کے لیے اسلامی تعلیمات کے انتخاب اور اشتراکی کتب خانوں کے قیام جیسے موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ اسکول ٹیوشن کے نظام، معلمات کی تدریب اور بچیوں کے شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے کھیلوں میں شرکت سے متعلق بعض تجاویز پیش کی گئیں، جن میں سے چند کو منظوری دی گئی، جبکہ بعض تجاویز مزید غور و فکر کے لیے مؤخر کر دی گئیں۔
Published: undefined
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمود اسعد مدنی نے ملک میں ارتداد کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تناظر میں مکاتب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے غیر معمولی محنت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملت اسلامیہ مختلف چیلنجوں سے دوچار ہے اور اگر اس مرحلے پر غفلت برتی گئی تو اس کے اثرات آئندہ نسلوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے ایمان کی حفاظت کی کوشش دراصل اپنے ایمان کے تحفظ کا ذریعہ بھی بنتی ہے، اس لیے دینی تعلیم کے میدان میں پوری سنجیدگی اور استقامت کے ساتھ کام جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Published: undefined
صدر اجلاس مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ مختلف صوبوں کے ذمہ داران کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے تاکہ دینی تعلیمی بورڈ کا کام مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔ اجلاس اہم فیصلوں، متعدد تجاویز کی منظوری اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر اتفاق کے بعد دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined