
یوسف ابراہانی / گرافکس قومی آواز
ممبئی کے معروف ادارے اسلام جمخانہ کے صدر اور سابق رکنِ اسمبلی ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی کو سال 2025 کے لیے 100 بااثر ہندوستانی مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست ہر سال دہلی سے شائع ہونے والے معروف جریدے مسلم مِرر کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔
مسلم مِرر کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست میں اُن شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر قومی سطح پر اثرات مرتب کیے ہوں۔ ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی کو کمیونٹی لیڈر شپ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے، جہاں مذہبی رہنمائی، قانونی و سماجی خدمات اور ادارہ جاتی قیادت میں ان کے کردار کو سراہا گیا ہے۔
Published: undefined
ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی ممبئی کے سماجی اور سیاسی حلقوں میں ایک معروف نام ہیں۔ وہ دو مرتبہ میونسپل کارپوریٹر منتخب ہوئے اور بعد ازاں ممبئی کے مضافاتی علاقے مانخورد–شیواجی نگر اسمبلی حلقے سے رکنِ اسمبلی رہے۔ اس کے علاوہ وہ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایچ اے ڈی اے) کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سماجی سطح پر ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی مختلف فلاحی اور اصلاحی سرگرمیوں سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کی جانب سے شروع کی گئی ملک گیر مہم “پرافٹ فار آل” کا مقصد حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا اور مختلف طبقات کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ وہ خدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے کینسر کے مریضوں کی مدد اور کم آمدنی والے ائمہ مساجد کی اعانت کے کاموں میں بھی سرگرم ہیں۔
Published: undefined
حال ہی میں انہوں نے مہنگی اور فضول خرچی پر مبنی شادیوں کے بڑھتے رجحان کے خلاف ایک سماجی بیداری مہم کا آغاز بھی کیا ہے۔نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے کہا کہ انہیں اس اعزاز کی اطلاع چند جاننے والوں کے ذریعے ملی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ممتاز شخصیات کے درمیان اپنا نام شامل ہونا باعثِ مسرت ہے، تاہم اس کے ساتھ سماجی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی سماجی خدمت کے کاموں کو پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی متعدد معروف تنظیموں سے وابستہ ہیں اور کئی سماجی اداروں کی درپردہ مدد بھی کرتے رہے ہیں۔ وہ سیوا تنظیم کے صدر بھی ہیں، جو ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں تعلیم کے میدان میں سرگرم ہے۔ اس تنظیم کے تحت غریب اور نادار طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ کتابیں، یونیفارم اور دیگر تعلیمی لوازمات فراہم کیے جاتے ہیں۔
Published: undefined
انہوں نے بتایا کہ گلوبل کیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے وہ پہلی مرتبہ جرم کرنے والے غیر عادی ملزمین کی ضمانت اور ان کی سماجی بازآبادکاری میں مدد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کی رہائی کے لیے بھی قانونی معاونت فراہم کی جاتی ہے جن کی سزا مکمل ہو چکی ہو مگر قانونی یا عدالتی پیچیدگیوں کے باعث رہائی ممکن نہ ہو سکی ہو۔
اسی طرح امید فاؤنڈیشن کے ذریعے ذہنی و جسمانی طور پر معذور بچوں کی تعلیم اور تربیت میں بھی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ ایڈوکیٹ ابراہانی نے لاتور اور مہاراشٹر کے دیگر اضلاع میں خشک سالی سے متاثرہ، بالخصوص غیر مسلم کسان خاندانوں کی مالی امداد جیسے اہم سماجی اقدامات بھی کیے ہیں۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ سماج کو بہتر بنانا ان کی زندگی کا مقصد ہے اور وہ سماجی خدمت کے مشن پر تاحیات عمل پیرا رہیں گے۔ واضح رہے کہ اس فہرست میں عظیم پریم جی، اے آر رحمان، عامر خان، شاہ رخ خان، اسدالدین اویسی، غلام نبی آزاد، سابق نائب صدر حامد انصاری، محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور سلمان خورشید سمیت دیگر معروف شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined