قومی خبریں

سعودی عرب پر میزائل حملوں کی ہندوستان کی مذمت، شہریوں کی مدد کے لیے سفارت خانہ متحرک

ہندوستان نے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ ریاض حملے کے زخمیوں کی مدد اور متاثرہ مسافروں کی رہنمائی کے لیے ہندوستانی سفارت خانہ سرگرم ہے

<div class="paragraphs"><p>سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا بڑا حملہ، تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کا بڑا حملہ، تصویر / آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: ہندوستان نے سعودی عرب پر میزائل حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ وہاں مقیم ہندوستانی شہریوں اور متاثرہ مسافروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی بدھ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان رندھیر جیسوال نے ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے سے متعلق کہا کہ سعودی عرب پر کئی حملے ہو چکے ہیں اور گزشتہ روز آرامکو کے صدر دفتر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں عام شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔

ترجمان کے مطابق ہندوستان سعودی عرب کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے وہاں کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ نئی دہلی کو امید ہے کہ خطے میں جلد امن اور معمولاتِ زندگی بحال ہوں گے۔

جیسوال نے بتایا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ ہندوستانی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی خیریت کے بارے میں رہنما ہدایات جاری کر چکا ہے۔ ہوائی اڈوں پر حملوں کے باعث پروازوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں، خصوصاً ریاض، دمام، مدینہ اور جدہ سے آنے اور جانے والی ہندوستانی فضائی کمپنیوں کی پروازوں پر اثر پڑا ہے۔ تاہم، سعودی فضائی کمپنیوں کی بعض پروازیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ مسافروں اور پھنسے ہوئے افراد کو تازہ معلومات فراہم کر رہا ہے۔ سفر کے لیے کچھ متبادل دستیاب ہیں، تاہم مشکلات بھی برقرار ہیں۔

ریاض ہوائی اڈے پر 10 اکتوبر کو ہونے والے حملے کے متاثرین کے بارے میں ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے میں 12 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک زخمی بعد میں دم توڑ گیا۔ اہلِ خانہ کی خواہش کے مطابق، ہندوستانی سفارت خانے کی مدد سے ریاض میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔

باقی 11 زخمیوں میں سے تین کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ آٹھ اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ ان میں چار مریض انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ہیں۔ سفارت خانے کے اہلکار زخمیوں سے مسلسل ملاقات کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی تارکینِ وطن اور مسافروں کی تعداد خاصی ہے۔ بیرونِ ملک اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے ہندوستانی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔