قومی خبریں

کشمیر میں سخت سیکورٹی انتظامات کے سائے میں یوم آزادی تقاریب منعقد

پلوامہ کے ترال میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر اسکول کے پرنسپل مظفر وانی، جو حزب المجاہدین کے مہلوک کمانڈر برہان وانی کے والد ہیں، نے ترنگا لہرایا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں اتوار کو ملک کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ منائی گئیں۔ اس موقع پر سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پرچم کشائی کی۔ وادی کشمیر میں امسال یوم آزادی کے موقع پر موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل نہیں کی گئیں۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر انٹرنیٹ خدمات معطل ہوں گی نہ ہی لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر کوئی پابندیاں۔

Published: undefined

تاہم امسال بھی یوم آزادی کے موقع پر وادی بھر میں سناٹا چھایا رہا۔ کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ جموں و کشمیر حکومت نے 'آزادی کا امرت مہا اتسو' کے ایک حصے کے طور پر سبھی تعلیمی اداروں کو یوم آزادی کے موقع پر ترنگا لہرانے کی ہدایت دی تھی۔ جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر اسکول کے پرنسپل مظفر وانی، جو حزب المجاہدین کے مہلوک کمانڈر برہان وانی کے والد ہیں، نے ترنگا لہرایا۔

Published: undefined

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کڑے سیکورٹی بندوبست کے بیچ راج بھون سے ہائی سیکورٹی زون علاقہ سونہ وار میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے اور پرچم کشائی کے بعد وہاں موجود شرکاء سے خطاب کیا۔ شیر کشمیر اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں بہت کم تعداد میں شرکا موجود تھے جنہوں نے کورونا وبا کے پیش نظر گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے فیس ماسک بھی لگا رکھے تھے اور وہ سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے ایک کے بعد ایک سیٹ پر بیٹھے تھے۔

Published: undefined

تقریب کے بحسن و خوبی انجام پذیر ہونے کو ممکن بنانے کے لئے ڈرونز کا استعمال کیا گیا نیز نزدیک میں واقع سلیمان ٹینگ پہاڑی پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد اور ملی ٹنٹوں کی طرف سے حملوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے اتوار کو وادی بھر میں سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر تھے۔ سری نگر میں یوم آزادی کی تقریب کو پرامن طریقے سے انجام دینے کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا اور حساس علاقوں میں فقیدالمثال سیکورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔ سری نگر میں جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جو آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔

Published: undefined

اسٹیڈیم کی طرف آنے والی سڑکوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور سری نگر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جن پر تعینات سیکورٹی اہلکار ہر آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔ سیول لائنز علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے سینئر افسروں کو بھی گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا اور بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

Published: undefined

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جنہوں نے اتوار کی صبح سری نگر کے کچھ علاقوں کا دورہ کیا کو کئی مقامات پر ناکہ لگائے سیکورٹی فورسز کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا پڑا جس کے بعد ہی ان کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات میں بھی یوم آزادی کی تقاریب کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور صدر مقامات میں داخل ہونے والے پوائنٹس پر ناکے لگائے گئے تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined