کتاب کے اجراء کا منظر، ویڈیو گریب
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ (12 اگست) کو سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی خودنوشت کا اجراء کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے نے تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سابق صدر جمہوریہ کی جم کر تعریف کی اور ان کی زندگی کی جدوجہد کو ایک تحریک قرار دیا۔ اس دوران اپنی ماں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی جذباتی ہو گئے۔
واضح رہے کہ سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی خودنوشت کا عنوان ’ٹرائمف آف دی انڈین ریپبلک: مائی لائف، مائی اسٹرگلز‘ ہے، جس میں رام ناتھ کووند کی زندگی کی کہانی ہے۔ اس خود نوشت میں ان کے ابتدائی سالوں سے لے کر عوامی زندگی اور ہندوستان کے 14ویں صدر جمہوریہ کے طور پر خدمات انجام دینے تک کے تجربات، جدوجہد اور کامیابیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ اس کتاب کی رسم اجراء کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے سابق صدر جمہوریہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’صدر جمہوریہ کے طور پر ان کی رہنمائی، ان کی محبت اور ان کی اپنائیت میرے لیے بہت بڑا سرمایہ رہی۔‘‘
وزیر اعظم مودی رام ناتھ کووند کے حوالے سے مزید کہا کہ ’’میں نے ان کی زندگی کو جتنا سمجھا ہے، ان کی کام کرنے کی صلاحیتوں کو جتنا جانا ہے، میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ رام ناتھ کووند کی خودنوشت ہندوستانی جمہوریت اور ہندوستانی معاشرے کا ایک انمول سرمایہ بنے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’رام ناتھ کووند نے چھوٹی سی عمر میں ماں کو کھو دیا۔ میں تو خوش قسمت رہا ہوں کہ میری ماں 100 سال سے بھی زیادہ زندہ رہیں اور مجھے اپنے دعاؤں سے نوازتی رہیں، اس کے باوجود ماں کی کمی محسوس کرتا ہوں۔ ایسے حالات میں کوئی بھی ٹوٹ سکتا ہے لیکن رام ناتھ کووند کو ان مشکل حالات نے اور مضبوط بنایا۔‘‘
اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ ’’ہمیں مستقبل میں رام ناتھ کووند جیسے بے شمار نوجوانوں کی ضرورت ہے، جو پریشانیوں سے شکست نہ کھائیں، جو مشکلات سے مایوس نہ ہوں بلکہ اپنی محنت سے ہر منزل کو آسان بنانے کا حوصلہ رکھیں۔ اسی تبدیلی سے مضبوط ہندوستان کی تعمیر کا عزم پورا ہوگا۔ یہیں سے خود کفیل اور ترقی یافتہ ہندوستان کا راستہ بنے گا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے آباؤ اجداد نے صدیوں تک جدوجہد کی۔ مہاتما گاندھی، بابا صاحب امبیڈکر، جیوتی با پھولے، ساوتری بائی پھولے۔۔۔ ایسی کتنی ہی عظیم شخصیتوں نے ہندوستان کی تعمیرِ نو کا خواب دیکھا تھا۔ ایک ایسا ہندوستان جہاں غریب سے غریب، محروم سے محروم شخص کو بھی بلندی تک پہنچنے کا موقع مل سکے۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے مطابق رام ناتھ کووند جیسی شخصیتوں نے اپنی محنت اور قابلیت کے دَم پر نہ صرف اپنی زندگی بدلی بلکہ صدیوں کے اس خواب اور وِژن کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔