
گجرات کے بھاؤ نگر ضلع میں منگل (6 اکتوبر) کو پیش آئے ایک دردناک سڑک حادثے میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ہائی وے کے سروس روڈ پر کھڑے ٹریلر ٹرک میں پیچھے سے ایک تیز رفتار ایس یو وی داخل ہو گئی۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ 6 لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ ایک زخمی کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق ایس یو وی میں سوار سبھی لوگ بھاؤ نگر سے النگ جا رہے تھے جہاں وہ ایک شپ یارڈ میں کام کرتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ سڑک حادثہ بھاؤ نگر-سومناتھ قومی شاہراہ کے کنارے بنے سروس روڈ پر تلاجا تعلقہ کے ٹراپج گاؤں کے پاس پیش آیا۔ منگل کی صبح تقریباً 10 بجے تیز رفتار اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) سڑک کنارے کھڑے ٹریلر ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹریلر ہائی وے کے سروس روڈ پر کھڑا تھا اور پیچھے سے آ رہی تیز رفتار ایس یو وی اس کے پچھلے حصے میں داخل ہو گئی۔ ٹکر کے بعد ایس یو وی میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنا بھی آسان نہیں تھا۔ گاڑی بری طرح پچک گئی تھی، اس لیے اس کے دروازے کھولنے کے لیے لوہے کی سلاخوں کا سہارا لینا پڑا۔ کافی مشقت کے بعد گاڑی میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 6 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ ایک دیگر زخمی شخص کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس نے بھی دوران علاج دم توڑ دیا۔ حادثے میں جان گنوانے والے تمام لوگوں کی لاشیں بھاؤ نگر کے سرکاری اسپتال بھیجی گئیں، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حادثہ کس وجہ سے ہوا اور ایس یو وی کی رفتار کتنی تھی، ان تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔