
پون کھیڑا / تصویر قومی آواز / ویپن
کانگریس نے امریکہ میں راہل گاندھی کے بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت کو ملک کی خراب معاشی صورت حال، مہنگائی اور بے روزگاری کی فکر نہیں ہے، بلکہ اسے اس بات سے پریشانی ہے کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی ان مسائل کو اٹھاتے ہیں اور دنیا ان کی بات سنتی ہے۔ کانگریس کے میڈیا شعبے کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات اس کے ردعمل سے واضح ہوتی ہیں۔
پون کھیڑا نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کی معیشت بدحالی کا شکار ہے تو حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اسے مہنگائی اور بے روزگاری کی بھی تشویش نہیں ہے۔ حکومت کی اصل پریشانی یہ ہے کہ راہل گاندھی ان مسائل پر آواز نہ اٹھائیں اور دنیا ان کی بات نہ سنے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کو ملک کی معیشت کی حالت اور اس کی صحت کی فکر کرنے کے بجائے راہل گاندھی کے بیانات پر اعتراض ہے۔ کھیڑا نے کہا کہ یہی حکومت کی ترجیحات ہیں اور اس کے رہنما اپنے ردعمل سے بار بار بے نقاب ہو جاتے ہیں۔
دراصل بی جے پی نے امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی میں ہندوستانی معیشت کے حوالے سے راہل گاندھی کے تبصروں پر تنقید کی تھی۔ اس کے جواب میں کانگریس نے حکومت پر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کا الزام عائد کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے منگل کو کولمبیا یونیورسٹی میں ایک غیر رسمی تبادلہ خیال کے دوران ہندوستانی معیشت کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان ایک ’معاشی تباہی‘ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری ہے، مینوفیکچرنگ کے شعبے کی بنیاد کمزور ہو چکی ہے اور تعلیمی نظام بھی گہرے مسائل سے دوچار ہے۔
راہل گاندھی کے ان تبصروں کے بعد بی جے پی نے ان پر تنقید کی، جس پر کانگریس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ان مسائل پر اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے بجائے ملک کی معاشی صورت حال بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔