
آبنائے ہرمز (فائل فوٹو)
مرکزی حکومت نے آبنائے ہرمز ایک بار پھر کھلنے کی اطلاع دی ہے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ اس آبی گزرگاہ سے 15 جہاز کھاد اور اس کے خام مال (مثلاً یوریا، ڈی اے پی، سلفر) سے لدے ہوئے بحفاظت نکل گئے ہیں۔ یہ سبھی جہاز ہندوستان کی طرف آ رہے ہیں، جس کے بعد کھاد کی فراہمی آسانی سے ہو سکے گی۔ ان جہازوں کی آمد کے بعد کسانوں کو اپنی کھیتی کے لیے کھاد کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ محکمہ فرٹیلائزر نے بتایا کہ یوریا، ڈائی امونیم فاسفیٹ (ڈی اے پی) اور سلفر لے جانے والے جہاز ہندوستانی بندرگاہوں پر پہنچ رہے ہیں۔ یہ جہاز 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہی پھنسے ہوئے تھے۔
Published: undefined
دی گئی جانکاری کے مطابق حکومت نے خریف سیزن کے لیے تقریباً 38.39 ملین ٹن (ایم ٹی) ضرورت کے مقابلے میں 19.76 ملین ٹن کھاد کا انتظام کر لیا ہے۔ یہ سیزن کی متوقع طلب کے 51 فیصد سے زیادہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے موجودہ بوائی کے سیزن کے دوران بغیر رکاوٹ سپلائی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ سال اسی وقت وزارت کے پاس مجموعی طلب کا 33 فیصد ذخیرہ موجود تھا۔ مرکزی کیمیکل اور فرٹیلائزر وزیر جے پی نڈا نے کہا ہے کہ گلوبل سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے پہلے سے پلاننگ، درآمدات میں تنوع لانے اور بیرون ملک میں ہندوستانی مشنوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے کھاد کی بغیر کسی رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
Published: undefined
وزارت کے مطابق ہندوستان نے عمان، ملیشیا، ویتنام، نائیجیریا، روس، مصر اور الجیریا جیسے ممالک سے یوریا درآمد کیا ہے۔ ڈی اے پی اور این پی کے فرٹیلائزر روس، مراکش، اردن، سعودی عرب اور امریکہ جیسے سپلائرز سے متبادل شپنگ روٹ کے ذریعے منگوایا ہے۔ فروری میں مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھنے کے بعد آبنائے ہرمز سے شپنگ کے گزرنے میں رکاوٹ آئی تھی، جس کی وجہ سے دنیا کے سب سے مصروف سمندری تجارتی راستوں میں سے ایک سے گزرنے والے خام تیل، مائع قدرتی گیس اور کھاد کی سپلائی سے متعلق پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا تھا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ (ایم او یو) پر دستخط ہونے کے بعد جون کے وسط میں آہستہ آہستہ آمد و رفت بحال ہو گئی تھی۔ وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ فرٹیلائزر پلانٹ کو قدرتی گیس کی سپلائی جو بحران کے دوران اس کی صلاحیت کچھ وقت کے لیے تقریباً 65 فیصد رہ گئی تھی، اب مکمل طور پر بحال ہو گئی ہے، جس سے تمام گھریلو یوریا پلانٹس پوری طاقت کے ساتھ کام کر پا رہے ہیں۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined