
بارش سے سیلاب کا منظر / فائل تصویر، آئی اے این ایس
ملک کی مختلف ریاستوں میں بارش نے زبردست تباہی مچائی ہے۔ سب سے زیادہ اثر کیرالہ اور آسام میں دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں مسلسل ہو رہی موسلادھار بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ کیرالہ میں شدید بارش اور سیلاب سے اب تک 25 افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 4 افراد لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب، آسام میں سیلاب سے 87 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یعنی آسام اور کیرالہ میں مجموعی طور پر اب تک 112 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ دونوں ریاستوں میں ہزاروں افراد راحتی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں اور انتظامیہ مسلسل بچاؤ کارروائیوں میں مصروف ہے۔
کیرالہ میں یکم اگست سے مسلسل ہو رہی شدید بارش نے کئی اضلاع میں حالات سنگین بنا دیے ہیں۔ ریاستی حکومت کے مطابق بارش سے متعلق واقعات میں اب تک 25 افراد کی جان جا چکی ہے، 4 افراد لاپتہ ہیں اور 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ شدید بارش کے سبب 52 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جبکہ 565 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ پوری ریاست میں قائم کیے گئے 400 سے زیادہ راحتی کیمپوں میں 18 ہزار سے زائد افراد رہ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں پتنم تھٹا، کوٹایم اور الپوژا شامل ہیں، جہاں کئی نشیبی علاقے اب بھی زیر آب ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔