قومی خبریں

ممبئی سے اللہ کے مہمانوں کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ روانہ، جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ

حج کمیٹی امبرکشن پوائنٹ کے انچارج حشمت پرکار نے بتایا کہ آج پہلی فلائٹ سعودی عرب ایئرلائنس کی روانہ ہوئی ہے اور اس سے 450 عازمین حج مدینہ منورہ کے لئےروانہ ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ممبئی: آج یہاں چھتر پتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے اللہ کے مہمانوں کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگیا ،ان عازمین حج کی اکثریت مدھیہ پردیش سے تعلق رکھتی تھی، اس موقع پر موجود عمائدین، حج کمیٹی کے ممبران اور دیگر رہنماؤں نے مرکزی حکومت سے ایک مرتبہ پھرمطالبہ کیا ہے کہ حجاج کرام کو پانچ فیصد جی ایس ٹی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، کیونکہ سبسڈی کے ختم کیے جانے کے بعد گزشتہ سال 18فیصد جی ایس ٹی نافذ کی گئی تھی، لیکن امسال اسے کم کرکے 5 فیصد کردی گئی ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی غیر حاضری میں سابق ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور اور مہاراشٹر کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر عارف نسیم خان، حج کمیٹی کے ممبر اور مہاراشٹر کے کورڈینیٹرحاجی ابراھیم شیخ، مہاراشٹر حج کمیٹی چیئرمین جمال صدیقی، وقف کونسل کے وسیم خان، مہاراشٹر بورڈ کے ممبر خالد بابوقریشی، سی ای او مقصود خان اور دیگر نے خطاب کیا۔

Published: undefined

مہاراشٹر اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر برائے اقلیتی امور عارف نسیم خان نے کہا کہ مہاراشٹر حج کمیٹی کے سابق چیئرمین اور موجودہ کورڈی نیٹر ابراھیم شیخ غلام نبی گزشتہ چند سال سے اللہ کے مہمانوں کے لیے الوداعی تقریب کا انعقاد ایئرپورٹ پر کرتے ہیں، ہم ایک عرصہ سے مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے حج کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے، جوکہ امسال سے تسلیم کرلیا گیا ہے اور اس بار ہم حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عازمین حج پر عائد کیے جانے والے پانچ فیصد جی ایس ٹی کو ختم کر دے تاکہ سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مہنگے ہوئے حج میں کچھ حد تک راحت ملے۔

Published: undefined

اس سے قبل سعودی عرب کے قونصل جنرل سعد ظفر ایس الغرنی نے اعلان کیا کہ حکومت سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور عرفات اور منیٰ میں سہولیات کے لیے مکمل انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے قرآن میں دیئے گئے اللہ کے فرمان کا ذکر کیا جس میں رب العزت کی جانب سے حج بیت اللہ کا حکم دیا گیا ہے اور اس کے تحت دنیا جہاں سے اللہ کے مہمان مکہ پہنچ رہیں ہیں۔

Published: undefined

انہوں نے آج روانہ ہونے والے عازمین حج اور تمام ہندوستانی حجاج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مطلع کیا کہ امسال سے سعودی عرب نے ہندوستانی حاجیوں کے کوٹہ میں 25 ہزار کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ سعودی انتظامیہ نے حج اور عمرہ کے لیے ویزے کی سہولت آن لائن کردی تاکہ ضرورت مند آسانی سے اسے حاصل کرسکتے ہیں۔ اب حج کمیٹی کے افسران اور نجی ٹورآپریٹروں کو سعودی سفارت خانہ یا قونصل خانے آئے بغیر آن لائن ویزا مہیا کرایا جاسکے گا۔ اسی طرح جدہ اور مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مختلف جانچ سہولیات کو آسان کر دیا گیا جبکہ جدہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان ایک نیا ہوائی اڈہ تعمیر کیا جا رہا ہے، تاکہ عازمین حج آسانی سے منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

Published: undefined

اس موقع پرحج کمیٹی کے مہاراشٹر میں کورڈی نیٹراور مرکزی حج کمیٹی کے ممبر حاجی ابراھیم غلام نبی نے بھی جی ایس ٹی سے حج کے سفر کو مستثنیٰ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کا مطالبہ کئی سال سے جاری ہے اور پہلے 18فیصد جی ایس ٹی نافذ کیا گیا تھا، لیکن امسال حکومت نے پانچ فیصد کر دیا ہے، جسے ہٹا دیا جانا چاہیے کیونکہ حج سبسڈی کو ختم کیے جانے کے بعد حج مہنگا ہوگیا ہے اور جی ایس ٹی ہٹانے سے ایک حد راحت ملے گی۔

Published: undefined

ابراھیم شیخ نے کہا کہ کئی سال سے ہندوستانی حاجیوں کا کوٹہ بڑھانے کے لیے میمورنڈم دیا جاتا رہا ہے اور یہ پُرمسرت موقعہ ہے کہ سعودی عرب سے مرکزی وزیرمختارعباس نقوی کے بہتر انداز میں رابطہ کے سبب کوٹہ میں اضافہ ہوا ہے اور اب ہم نے جی ایس ٹی سے حاجیوں کو مستثنیٰ کیاجانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس مسئلہ کو بھی بخوبی حل کرلیا جائے گا۔

Published: undefined

مہاراشٹر حج کمیٹی کے چیئرمین جمال صدیقی نے اپنے خطاب میں حاجیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت حج کمیٹی کے ذریعہ عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرانے کی منصوبہ بندی کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ عازمین حج کے مسائل کو جانے اور انہیں حل کرانے کے لیے حکومت ہند اور سعودی حکام سے رجوع کریں۔ اس تقریب سے ممبئی کے میئر مڈیشور، سابق ریاستی وزیر کرپا شنکر سنگھ، وقف بورڈ کے اہم رکن خالد قریشی، وسیم خان، حج کمیٹی کے چیف ایکزیکٹیو آفیسرمقصوداحمد خان نے بھی بھی خطاب کیا۔

Published: undefined

حج کمیٹی امبرکشن پوائنٹ کے انچارج حشمت پرکار نے مطلع کیا کہ آج پہلی فلائٹ سے سعودی عرب ایئرلائنس کی ہے اور 450 عازمین حج کو مدینہ منورہ لے کر روانہ ہوئی ہے۔ اس موقع پر پی 9 کے احاطہ میں عازمین حج کے استقبال کے لیے شامیانہ لگایا گیا تھا اور انہیں ایک جانماز، گلدستہ اور حج کے متعلق کتاب پیش کی گئی۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined