قومی خبریں

دہلی کے نو مقرر لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ کو عہدہ سنبھالنے پر سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر نریش کمار نے دی مبارکباد

سینئر کانگریس ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے امید ظاہر کی کہ نئے ایل جی گورنر ترنجیت سنگھ سندھو دہلی کے 3 کروڑ سے زائد باشندوں کے مفاد میں انصاف اور غیر جانبداری کے ساتھ کام کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>ترنجیت سنگھ سندھو (دائیں) نے دہلی ایل جی کا عہدہ سنبھالا</p></div>

ترنجیت سنگھ سندھو (دائیں) نے دہلی ایل جی کا عہدہ سنبھالا

 

تصویر: پریس ریلیز

نئی دہلی: دہلی کے نو مقرر لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے آج باضابطہ طور پر اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی لیڈران نے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ قومی راجدھانی کے انتظام و انصرام کو مؤثر طریقے سے مضبوط بنانے اور رہنمائی کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے بھی نئے ایل جی ترنجیت سنگھ کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ ڈاکٹر نریش نے انھیں مبارکباد پیش کرنے کے لیے ایک خط بھی ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی نیک تمناؤں کے ساتھ یہ توقع ظاہر کی کہ دہلی کی مسلسل ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام متعلقہ فریق مل کر کام کریں گے۔

ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ دہلی، جو ہندوستان کی قومی راجدھانی ہے، نہ صرف سیاسی اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ ایک گنجان آباد میٹروپولیٹن شہر بھی ہے جہاں مختلف سماجی، ثقافتی، مذہبی و لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 کروڑ سے زائد آبادی والے اس شہر میں لیفٹیننٹ گورنر کی ذمہ داری نہایت اہم اور حساس ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس عہدے پر فائز شخصیت انصاف، توازن اور شہر کے تمام باشندوں کی امیدوں اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرے۔

ڈاکٹر نریش کمار کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں ایک تاثر پیدا ہوا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے پر مقرر افراد اکثر مرکزی حکومت میں برسر اقتدار پارٹی کی ہدایات کے مطابق کام کرتے نظر آتے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ دہلی کی عوام کی توقعات اور مفادات کے مطابق مکمل غیر جانبداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ایل جی اس تاثر کو ختم کریں گے اور آئین کی حقیقی روح کے مطابق غیر جانبداری، توازن و خود مختاری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے، اور فیصلے کسی ایک سیاسی پارٹی کے بجائے تمام شہریوں کے مفاد میں کریں گے۔

ڈاکٹر نریش کمار نے نئے ایل جی کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ کانگریس ہمیشہ عوامی مسائل کے حوالے سے مستعد رہے گی۔ جہاں بھی عوامی فلاح و بہبود کے معاملات سامنے آئیں گے، وہاں پارٹی تعمیری تعاون اور حمایت فراہم کرے گی۔ اگر عوام کے مفادات کو نظرانداز کیا گیا تو پارٹی ذمہ دارانہ اور تعمیری انداز میں اپنی آواز بھی بلند کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ انہیں یقین ہے کہ عزت مآب ترنجیت سنگھ سندھو کسی خاص سیاسی پارٹی کے نمائندہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک آئینی عہدے دار کی حیثیت سے غیر جانبدار طرز حکمرانی اور دہلی کے 3 کروڑ سے زائد شہریوں کی فلاح کے لیے کام کریں گے، جس سے قومی راجدھانی کی ترقی اور پیش رفت کو مثبت سمت ملے گی۔

ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی کے کچھ انتہائی اہم مسائل کا بھی ذکر کیا، جس سے متعلق انھوں نے نئے ایل جی سے کافی توقعات ظاہر کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کی عوام صاف پینے کے پانی کی فراہمی، بہتر طبی سہولیات، معیاری تعلیم اور دیگر بنیادی شہری خدمات کی توقع رکھتے ہیں۔ ایسے میں امید ہے کہ نئے لیفٹیننٹ گورنر ان اہم شہری مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined