
قومی حقوق انسانی کمیشن، تصویر آئی اے این ایس
قومی حقوق انسانی کمیشن (این ایچ آر سی) نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو ہدایت دی ہے کہ آنے والی نوراتری، دیوالی اور چھٹھ پوجا کے مد نظر مقامی وینڈرس، اسٹریٹ وینڈرس، خوانچہ فروشوں، کمہاروں اور چھوٹے تاجروں کے ذریعۂ معاش اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ یہ معاملہ مختلف شہروں میں مقامی وینڈرز اور خوانچہ فروشوں کو بلا وجہ ہٹانے، ان کا سامان ضبط کرنے، جرمانہ عائد کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کی شکایات سے متعلق ہے۔
گزشتہ برس تہواروں کے دوران این ایچ آر سی رکن پرینک قانونگو کی سربراہی والی بنچ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا اور متعلقہ ریاستوں و مقامی حکام کو الزامات کی تفتیش کرنے اور ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس سال تہواروں کے دوران مقامی وینڈرز کی روزی روٹی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کی مداخلت کی ایک بار پھر ضرورت ہے، کمیشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو نئے سرے سے ہدایات جاری کیں۔
’این ایچ آر سی‘ نے ہدایت دی ہے کہ نوراتری، دیوالی اور چھٹھ پوجا کے دوران مقامی وینڈرس کو بلا وجہ نہ ہٹایا جائے۔ اگر آتشزدگی یا عوامی تحفظ کے مدنظر کسی جگہ کو خالی کرانا ضروری ہے، تو سامان فروخت کرنے کے لیے مناسب متبادل جگہ فراہم کی جانی چاہیے۔ کمیشن نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وینڈرس کا سامان منمانے طریقے سے ضبط نہ کیا جائے یا ان پر بلا وجہ کوئی کارروائی نہ کی جائے اور ہراساں، جبراً وصولی یا بلاوجہ دخل اندازی کی شکایت پر ہی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
این ایچ آر سی نے مقامی انتظامیہ سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ’ووکل فار لوکل‘ کے جذبے کے تحت مقامی وینڈرز، روایتی کاروباروں اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی مصنوعات کو فروغ دیں۔ کمیشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان ہدایات کو ضلع مجسٹریٹوں، بلدیاتی اداروں، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام تک بڑے پیمانے پر پہنچائیں اور ان پر صحیح طریقے سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ این ایچ آر سی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ زیر التوا معاملات میں اضافی یا مکمل کی گئی کارروائی کی رپورٹ 18 اکتوبر تک جمع کرائی جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔