
کانگریس لیڈر راجیو شکلا / تصویر ویڈیو گریب
بیکانیر ہاؤس نمائش تنازعہ سے متعلق کانگریس رکن پارلیمنٹ راجیو شکلا نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ سے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ریحان واڈرا کی کئی تصاویر اس نمائش سے ہٹائے جانے پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ایک فنکار ہیں اور مختلف مقامات کی تصاویر کی نمائش کرتے رہے ہیں۔
راجیو شکلا نے کہا کہ ریحان واڈرا کے کلیکشن میں شیروں اور جنگلوں کی کئی ایسی تصاویر ہیں، جنہیں انہوں نے خود کھینچی ہیں۔ انہوں نے جو تصاویر نمائش کے لیے لگائی تھیں، ان میں سے کچھ طلبا تحریکوں اور نوجوانوں کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق تھیں، جن پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے تھا۔ چیف سکریٹری اور انتظامیہ کے دیگر افسران نے تقریباً 75 تصاویر ہٹانے کا حکم دے دیا اور یہ کام پروگرام شروع ہونے سے ٹھیک 4 گھنٹے پہلے کیا گیا۔
راجیو شکلا نے بتایا کہ ریحان واڈرا نے 3 دن قبل ہی تمام تصاویر منظوری کے لیے افسران کے پاس جمع کرا دی تھیں، لیکن اس وقت کسی نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پروگرام شروع ہونے سے ٹھیک 4 گھنٹے پہلے تصاویر ہٹانے کے لیے کہہ دیا گیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔ اس طرح کا تاناشاہی رویہ بالکل قابل قبول نہیں ہے۔ اس پورے معاملے پر راجیو شکلا نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ راجیو شکلا نے کہا کہ چیف سکریٹری اور بیکانیر ہاؤس کی انتظامیہ کے خلاف، جو راجستھان حکومت کے ماتحت ہے، بغیر کسی تاخیر کے کارروائی کی جانی چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔