
آسام میں سیلاب کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
آسام، اڈیشہ، کیرالہ، گجرات، اتر پردیش اور بہار کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کے سبب سیلاب کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ خاص طور سے آسام کے کئی اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں اور اب تک 100 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اتوار کے روز ’ڈیزاسٹر رپورٹنگ اور انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم‘ کے ذریعہ جاری بلیٹن کے مطابق سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں کافی نقصانات ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں 60 مرد اور 23 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔ بچوں میں 12 لڑکے اور 6 لڑکیاں ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ شیوساگر ضلع میں اموات کی تعداد کی تصحیح کی گئی ہے، دراصل ایک ہی شخص کا نام غلطی سے 2 بار درج کر دیا گیا تھا، اس لیے ضلع میں اموات کی تعداد 49 کر دی گئی ہے۔ سیلاب متاثرہ اضلاع میں کچھار اور شیو ساگر شامل ہیں۔ کچھار میں اب تک 22 افراد کی موت ہوئی ہے۔ شیو ساگر میں 49 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ جب کہ کریم گنج میں 9 اور گولاگھاٹ میں 8 لوگوں کی موت ہوئی۔ دھیماجی، ناگاؤں، ادلگوڑی، سونیت پور اور کاربی انگلونگ اضلاع میں بھی لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
دوسری جانب راجدھانی دہلی میں جمنا کی آبی سطح میں اضافے کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ لاحق ہے۔ حالانکہ ہتھنی کنڈ سے پانی چھوڑے جانے کے بعد اب جمنا کی آبی سطح کم ہونے لگی ہے۔ جمنا پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے ’ محکمہ فلڈ اینڈ ایریگیشن‘ الرٹ پر ہے۔ اس دوران دہلی میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے دوران 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اس لیے لوگوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اتر پردیش کے کئی اضلاع شدید بارش کے مدنظر ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ اتر پردیش میں مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے کئی ندیوں کی آبی سطح بڑھ گئی ہے۔ گنگا، جمنا، شاردا اور سریو سمیت 10 سے زیادہ ندیاں خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہیں۔ گنگا کی آبی سطح بڑھنے کا اثر شاہجہاں پور کے مرزا پور علاقے میں نظر آرہا ہے۔ یہاں کئی گاؤں میں گنگا کا پانی داخل ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کئی اضلاع میں شدید بارش کا ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، بجنور، باغپت، میرٹھ، لکھیم پور کھیری، بہرائچ، سراوستی، بلرام پور، سیتا پور، گونڈہ، سدھارتھ نگر، بارہ بنکی، لکھنؤ، اناؤ، کانپور نگر، کانپور دیہات، قنوج اور اورایا میں کئی مقامات پر بارش ہونے کے امکانات ہیں۔
اڈیشہ، بہار، کیرالہ اور گجرات میں بھی موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ بہار کے کئی اضلاع میں بھی موسم خراب رہنے کے آثار ہیں۔ گیا، مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن، روہتاس، نوادہ، بانکا، لکھی سرائے، مونگیر، نالندہ، بکسر، سیوان، ویشالی، مظفر پور، سمستی پور، دربھنگہ، مدھوبنی، پورنیہ، ارریہ، کشن گنج، کٹیہار، بیگوسرائے، سہرسہ اور سوپول میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ آندھی چلنے کا امکان ہے۔ وہیں جنوبی مغربی بنگال اور اس سے ملحقہ شمالی اڈیشہ کے بالائی ماحول میں بننے والے سائیکلونک سرکولیشن کے اثر کی وجہ سے شمالی اڈیشہ پر کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے۔ اس کے جنوب اور مغرب سمت میں آگے بڑھنے کی وجہ سے اڈیشہ میں 14 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار کے روز مغربی اڈیشہ کے کئی اضلاع میں شدید ترین بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ 10 اگست کو بھی کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جس کے مدنظر آرنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔