قومی خبریں

دہلی میں ہوا کا معیار ’انتہائی خراب‘ زمرے میں، اے کیو آئی 365 سے متجاوز

دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افسران کے ساتھ تعاون کریں اور پابندیوں پر عمل کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موسمی حالات صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس

 
IANS

راجدھانی دہلی میں ہفتے کے روز بھی فضائی معیار انتہائی خراب زمرے میں برقرار رہا۔ حکومت دہلی فضائی معیار کی نگرانی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 365 ریکارڈ کیا گیا۔ قومی راجدھانی میں گزشتہ چند دنوں سے فضائی معیار میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے اور آلودگی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جمعہ کی شام دہلی کا اے کیو آئی 382 تھا، جو مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔

بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی کی صورتحال کے پیش نظر فضائی معیار کے انتظامی کمیشن (سی اے کیو ایم) نے جمعہ کے روز دیوالی سے قبل احتیاطی اقدام کے طور پر دہلی-این سی آر میں گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان گریپ کا مرحلہ 3 نافذ کر دیا۔ یہ فیصلہ سی اے کیو ایم کی گریپ سے متعلق ذیلی کمیٹی نے کیا اور اس کا اعلان کمیشن کے سرکاری ’ایکس‘ اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا۔

موجودہ مرحلہ 3 کے تحت آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کو روکنے کے لیے قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں 9 نکاتی لائحہ عمل نافذ کیا جائے گا۔ ان اقدامات میں تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں، گاڑیوں کی آمد و رفت اور صنعتی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور دفاتر کے حوالے سے بھی اقدامات شامل ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد اخراج کو کم کرنا اور خطے میں فضائی معیار کو مزید خراب ہونے سے روکنا ہے۔

دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افسران کے ساتھ تعاون کریں اور پابندیوں پر عمل کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موسمی حالات آلودگی کی صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔ دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ میں دہلی کے باشندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جانب توجہ دیں۔ کل سے موسم خراب رہنے کی توقع ہے اور ہوا کی رفتار تقریباً صفر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ میں سبھی سے درخواست کرتا ہوں کہ ان پابندیوں پر عمل کرنے میں تعاون کریں۔ متحد ہو کر کام کرنے سے ہی ہم دہلی کی آب و ہوا کو صاف کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

ریاستی وزیر کی یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہوا کی رفتار کم ہونے سے آلودگی پھیلانے والے ذرات کے منتشر ہونے میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں آلودگی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔ دہلی-این سی آر میں گریپ کا مرحلہ 3 نافذ ہونے کے ساتھ ہی افسران سے توقع ہے کہ وہ آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات میں تیزی لائیں گے، جبکہ شہریوں سے تعاون کرنے اور مقررہ رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔