قومی خبریں

دہلی: کئی علاقوں میں آلودگی ’انتہائی خراب‘ زمرے میں، اے کیو آئی 400 سے تجاوز

اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے چاندنی چوک میں سب سے زیادہ 400 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔ پوسا (آئی آئی ٹی ایم) میں 398، نارتھ کیمپس (ڈی یو) میں 376 اور سری فورٹ میں 375 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>این سی آر میں شدید فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>

این سی آر میں شدید فضائی آلودگی / آئی اے این ایس

 

راجدھانی دہلی کی ہوا مسلسل زہریلی ہوتی جا رہی ہے۔ جس کے نتیجے میں آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راجدھانی کے کئی علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خراب زمرے میں پہنچ گئی ہے۔ چاندنی چوک میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 400 درج کیا گیا ہے، جبکہ پوسا میں یہ 398 تک پہنچ گیا۔ براڑی کراسنگ، نارتھ کیمپس اور سری فورٹ سمیت کئی علاقوں کی ہوا آلودہ ہو گئی ہے۔ فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح نے دہلی کے باشندوں کی صحت کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے چاندنی چوک میں سب سے زیادہ 400 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔ اس کے بعد پوسا (آئی آئی ٹی ایم) میں 398، نارتھ کیمپس (دہلی یونیورسٹی) میں 376 اور سری فورٹ میں 375 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ براڑی کراسنگ میں 364، آئی ٹی آئی دہلی میں 361، پنجابی باغ میں 361 اور آیا نگر میں 360 اے کیو آئی درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ منڈکا میں 342، آر کے پورم میں 327، لودھی روڈ میں 324، وزیر پور میں 310 اور روہنی میں 307 اے کیو آئی رہا۔ بدرپور میں 294، آنند وہار میں 292، اشوک وہار میں 282، نریلا میں 277، جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں 272 اور علی پور میں 261 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے ذریعہ ہوا میں موجود آلودگی کی سطح اور صحت پر پڑنے والے اثرات کی پیمائش کی جاتی ہے۔ ہندوستان میں اے کیو آئی کو 6 زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 0 سے 50 تک اچھا، 51 سے 100 تک اطمینان بخش، 101 سے 200 تک درمیانہ، 201 سے 300 تک خراب، 301 سے 400 تک انتہائی خراب اور 401 سے 500 تک سنگین زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے دہلی کے بیشتر علاقے انتہائی خراب زمرے میں پہنچ چکے ہیں۔ دہلی-این سی آر میں 6 نومبر کو جی آر اے پی کا تیسرا مرحلہ نافذ کیا گیا۔ اس کے تحت غیر ضروری تعمیراتی اور انہدام کے کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بی ایس-3 پٹرول اور بی ایس-4  ڈیزل والی 4 پہیہ گاڑیوں پر دہلی اور این سی آر کے مقررہ اضلاع میں پابندی عائد ہے۔ پرائمری جماعتوں کی تعلیم ہائبرڈ موڈ میں جاری رکھنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پابندیاں بھی برقرار رہیں گی۔ ان میں مشینوں کے ذریعے سڑکوں کی صفائی، پانی کا چھڑکاؤ اور گرد و غبار پر قابو پانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق طویل عرصے تک آلودہ ہوا میں رہنے کی وجہ سے سانس سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس سے کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور دمے کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ فضائی آلودگی زیادہ ہونے پر کھلی جگہوں پر ورزش کرنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔