
دہلی پولیس (فائل) / آئی اے این ایس
دہلی کے پریت وہار علاقے میں 22 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ کیفے میں منعقدہ پارٹی کے دوران 2 نوجوانوں نے اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ اس دوران موقع پر موجود دیگر لوگوں نے بھی ملزمین کا ساتھ دیا۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے اجتماعی عصمت دری سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے اب تک 2 خواتین اور ایک مرد سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی تمام ملزمین کو پہلے سے جانتی تھی۔ وہ اپنے جاننے والوں کے ساتھ پریت وہار واقع سلطنت کیفے میں پارٹی کرنے پہنچی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیر کی رات تقریباً 11:30 بجے کیفے بند ہو چکا تھا۔ حالانکہ پارٹی میں شامل ایک شخص کے پاس کیفے کی چابی تھی۔ اسی چابی کی مدد سے کیفے کو دوبارہ کھولا گیا اور تمام لوگ وہاں پارٹی کرنے لگے۔
رپورٹس کے مطابق پارٹی میں مجموعی طور پر 7 افراد شامل تھے۔ اس دوران سبھی نے شراب پی۔ صبح تقریباً 3:30 بجے تمام لوگ کیفے سے باہر نکلے۔ اس کے کچھ دیر بعد لڑکی نے الزام عائد کیا کہ 2 نوجوانوں نے اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ متاثرہ لڑکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کے دوران وہاں موجود دیگر لوگوں نے ملزمین کا ساتھ دیا۔ پولیس کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ متاثرہ لڑکی کڑکڑڈوما واقع کراس ریور مال کے ایک کیفے میں کام کرتی ہے۔ مبینہ طور پر اس معاملے کے کچھ ملزمین بھی اسی کیفے میں اس کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ واقعے کے بعد لڑکی نے پولیس میں شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کی شکایت پر اجتماعی عصمت دری سمیت متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ معاملے میں اب تک 3 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ پولیس گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ واقعے کے وقت کس کا کیا کردار تھا۔
پولیس پارٹی میں شامل تمام افراد کے کردار کی جانچ کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس رات کیفے میں ہونے والی سرگرمیوں اور مبینہ واقعے سے متعلق شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔ پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ واقعہ کس طرح پیش آیا اور اس میں کون کون شامل تھا۔ فی الحال دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔