قومی خبریں

جموں و کشمیر کے کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں بدعنوانی کا معاملہ، سی بی آئی نے 4 شہروں میں چلایا سرچ آپریشن

سی بی آئی جموں و کشمیر کے 2200 کروڑ روپے کے کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے ٹھیکے میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں 4 شہروں میں تلاشی لے رہی ہے

سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس 

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں سی بی آئی ہفتہ (2 دسمبر) کو چار شہروں میں چھ مقامات پر تلاشی لے رہی ہے۔ دہلی، نوئیڈا، چندی گڑھ اور شملہ میں دو افراد کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔

اسی دوران خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے اطلاع دی ہے کہ سی بی آئی اس پروجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں 12 مقامات پر چھاپے مار رہی ہے، جس میں دہلی میں 10 اور راجستھان کے دو مقامات شامل ہیں۔ یہ مقامات جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے سابق میڈیا ایڈوائزر، تین چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور دیگر سے وابستہ ہیں۔

اس سال مئی میں بھی سی بی آئی نے اس معاملے میں دہلی، راجستھان اور جموں کشمیر میں تقریباً 12 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس دوران جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے میڈیا ایڈوائزر سنک بالی اور دیگر ملزمان کے خلاف چھاپے مارے گئے۔

سابق گورنر ستیہ پال ملک نے جموں و کشمیر میں دو پروجیکٹوں میں 300 کروڑ روپے کی رشوت دینے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے اپریل 2022 میں پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی تھی۔

کیرو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کشتواڑ تحصیل میں دریائے چناب پر تیار کی جانے والی ایک رن آف دی ریور اسکیم ہے۔ یہ پروجیکٹ چناب ویلی پاور پروجیکٹس (سی وی پی پی) کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے، جو کہ نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن (این ایچ پی سی، 49 فیصد)، جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ایس ڈی پی سی، 49 فیصد) اور پاور ٹریڈنگ کارپوریشن (پی ٹی سی، 2 فیصد) کے درمیان مشترکہ منصوبہ ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔