
کانگریس لیڈر ادت راج / ویڈیو گریب
’شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ‘ نے ریٹائرڈ ایئر مارشل جتیندر مشرا کو پہلا ’چیف ایگزیکٹو آفیسر‘ (سی ای او) مقرر کیا ہے، جس پر انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج نے اپنا سخت ردعمل دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک مشرا کی جگہ دوسرے مشرا کو لایا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کوئی تقرری نہیں ہے، یہ ڈراما تھا جو کئی دنوں تک جاری رہا۔ ٹرسٹ نے کہا تھا کہ کسی قابل شخص کو سی ای او بنایا جائے گا، لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ کیوں کہ سب کچھ پہلے سے ہی طے رہتا ہے۔ یہ سب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا کھیل ہے۔ سی ای او کی انتظامی صلاحیتوں پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔
ہندوستانی فضائیہ کے سابق آفیسر سے متعلق ادت راج نے کہا کہ ’’جتیندر مشرا ایئر مارشل رہے ہیں اور ان کا کیریئر بہت شاندار رہا ہے اور اس میں کوئی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے۔ لیکن یہ ایک سول سوسائٹی میں کام کرنے کا معاملہ ہے، جبکہ انہوں نے فوج میں کام کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے لوگوں پر بھی غور کیا جا سکتا تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ آئی آر ایس، ڈیفنس اکاؤنٹس، فائنانس یا ایڈمنسٹریٹو سروسز میں لوگ بالآخر ان کی پسند ہیں۔ لیکن جب آپ پوری انتظامیہ کو دیکھیں گے تو اس میں او بی سی یا دلتوں کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ وہ واضح لفظوں میں کہتے ہیں کہ رام سب کے ہیں اور ہندو مذہب بھی سب کا ہے، اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔
ادت راج نے کہا کہ گزشتہ 100 برسوں سے آر ایس ایس کے ’سرسنگھ چالک‘ کے طور پر صرف ایک ذات کی نمائندگی رہی ہے۔ کیا وہ بتا سکتے ہیں کہ ہندو مذہب سب کے لیے کیسے ہے؟ اگر مذہب سب کا ہے، تو معاشرے کے سبھی طبقات کے لوگوں کو قیادت کا موقع ملنا چاہئے۔ وہیں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سدھانشو ترویدی نے معاملے پر کہا کہ ’’ شری رام جنم بھومی ٹرسٹ نے اپنا پہلا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا ہے، جو فضائیہ کے ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ٹرسٹ نے جو بھی فیصلہ لیا ہے، وہ تمام انتظامات، افادیت، صلاحیتوں اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہوگا اور یہ ایک مثبت قدم ہے، تاکہ زیادہ پیشہ ورانہ انداز میں، زیادہ صلاحیت کے ساتھ اور زیادہ شفافیت کے ساتھ شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کا کام کر سکے۔ تریویدی نے کہا کہ ٹرسٹ نے کئی دیگر ارکان کو بھی مقرر کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
تصویر سوشل میڈیا