
کانگریس کی راجیہ سبھا کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری
کانگریس نے آئندہ راجیہ سبھا انتخابات اور ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی منظوری کے بعد جاری ہونے والی اس فہرست میں کئی ایسے نام شامل ہیں جنہیں تنظیمی وفاداری، سیاسی تجربے اور قیادت کے اعتماد کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر کرناٹک سے تین اہم رہنماؤں کو میدان میں اتار کر کانگریس نے واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنے مضبوط گڑھ کو مزید مستحکم بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
Published: undefined
کرناٹک سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ ان کے ساتھ پارٹی کے قومی ترجمان پون کھیڑا اور سینئر رہنما منصور علی خان کو بھی راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ پون کھیڑا کی نامزدگی کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ وہ پہلی بار پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پہنچنے کے قریب ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے پارٹی کا مؤثر اور توانا چہرہ رہے ہیں اور قومی سطح پر کانگریس کے موقف کو مضبوط انداز میں پیش کرتے رہے ہیں۔
منصور علی خان کو اقلیتی طبقے کی ایک اہم آواز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ان کی نامزدگی کو سماجی نمائندگی اور مختلف طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی کانگریس کی پالیسی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
Published: undefined
مدھیہ پردیش سے سابق رکن پارلیمنٹ میناکشی نٹاراجن کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ وہ راہل گاندھی کی قریبی ساتھیوں میں شمار کی جاتی ہیں اور تنظیمی و سیاسی سطح پر طویل تجربہ رکھتی ہیں۔ ان کی نامزدگی کو خواتین قیادت کے فروغ اور مدھیہ پردیش میں پارٹی کی مضبوطی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
راجستھان سے موجودہ راجیہ سبھا رکن نیرج ڈانگی پر ایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت نے انہیں دوبارہ امیدوار بنا کر ان کی سیاسی خدمات اور تنظیمی کردار کو سراہا ہے۔
Published: undefined
تمل ناڈو سے پروین چکرورتی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ وہ کانگریس کے اعداد و شمار اور تجزیاتی شعبے کی قیادت کرتے رہے ہیں اور پالیسی سازی کے معاملات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جھارکھنڈ سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرنو جھا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ تنظیمی امور اور ذرائع ابلاغ کے شعبے میں ان کی سرگرم موجودگی کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ راجیہ سبھا کی 24 نشستوں کے لیے مختلف ریاستوں میں 18 جون کو انتخابات ہوں گے، جبکہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined