قومی خبریں

’کمپنیوں کو بغیر ڈیٹا والے پلان کا آپشن دینا ہوگا‘، ٹرائی کا بڑا فیصلہ

’ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا‘ نے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کم مدت والے صرف وائس کال اور ایس ایم ایس پلان پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان پلان میں ٹیرف میں مناسب کمی بھی کرنی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) نے کم آمدنی والے ٹیلی کام صارفین کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ٹرائی نے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کم مدت والے صرف وائس کال اور ایس ایم ایس پلان پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان پلان میں ٹیرف میں مناسب کمی بھی کرنی ہوگی۔ اس فیصلے سے ان صارفین کو زیادہ سستے اور موزوں ریچارج کے آپشن ملیں گے، جنہیں ڈیٹا سروسز کی ضرورت نہیں ہے۔

ٹرائی نے اپنے ٹیلی کام صارفین کے تحفظ (تیرہویں ترمیم) ضوابط، 2026 میں یہ بات کہی ہے۔ اس قدم سے صارفین کو اپنی ضروریات اور مالی استطاعت کے مطابق ریچارج کرنے کے زیادہ آپشن ملیں گے۔ نئے ضابطے کے تحت سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو 30 دن اور اس سے کم مدت والے صرف وائس اور ایس ایم ایس ایس ٹی وی (اسپیشل ٹیرف واؤچر) پیش کرنے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی، فی الحال وائس، ایس ایم ایس اور ڈیٹا کے لیے دیے جا رہے ایس ٹی وی کی مدت کے مطابق ٹیرف میں مناسب کمی بھی کرنی ہوگی۔

ٹرائی نے اپنے ایک آفیشیل بیان میں بتایا کہ ٹیلی کام صارفین کے تحفظ (بارہویں ترمیم)، 2024 کے نفاذ کے بعد مارکیٹ میں صرف وائس اور ایس ایم ایس ایس ٹی وی کی دستیابی محدود ہو گئی تھی۔ دستیاب پلان بنیادی طور پر طویل مدت پر مرکوز تھے۔ اس کی وجہ سے کم آمدنی والے صارفین سستے کم مدت والے آپشن سے محروم ہو رہے تھے۔ ریگولیٹر نے محسوس کیا کہ اس صورت حال کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

نئی ہدایات کے تحت آپریٹرز کو ایک ایسا صرف وائس اور ایس ایم ایس ایس ٹی وی بھی دینا ہوگا، جسے ہر ماہ ایک ہی تاریخ کو ری نیو کیا جا سکے۔ اگر کسی خاص ماہ میں ری نیو کرنے کی متعلقہ تاریخ موجود نہیں ہے تو رینیول اس ماہ کی آخری تاریخ کو ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹیلی کام آپریٹرز کو کم مدت اور ماہانہ مدت والے آپشن کے ساتھ طویل مدت والا کم از کم ایک صرف وائس اور ایس ایم ایس ایس ٹی وی بھی پیش کرنا ہوگا۔ یہ پلان بھی وائس، ایس ایم ایس اور ڈیٹا کے لیے دیے جا رہے ایس ٹی وی کی مدت کے مطابق ہوگا۔

ٹرائی کا ماننا ہے کہ ٹیرف کے اس ترمیم شدہ نظام سے صارفین کی ضروریات کافی حد تک پوری ہوں گی۔ اس ترمیم سے خاص طور پر کم آمدنی والے صارفین اور ان صارفین کو فائدہ ہوگا جو ڈیٹا سروسز کے ساتھ بنڈل ٹیلی کام پلان نہیں خریدنا چاہتے۔ اس تبدیلی سے مختلف مدت والے صرف وائس اور ایس ایم ایس آپشن کی دستیابی بہتر ہونے کی امید ہے۔ اس سے صارفین کو اپنے استعمال اور استطاعت کے مطابق ریچارج پلان منتخب کرنے میں زیادہ سہولت ملے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔