
ممبئی کے شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں ’مہا وکاس اگھاڑی‘ اتحاد کی حکومت کے حلف اٹھا کر تاریخ رقم کرنے سے قبل اتحاد میں شامل تین جماعتوں کی جانب سے مہاراشٹر میں حکومت کو بخوبی چلانے کے لئے ایک کامن منیمم پروگرام جاری کر دیا گیا۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کے رہنماؤں کے ذریعہ جاری کردہ اس مشترکہ پروگرام میں آئندہ 5 سال کے لئے مخلوط حکومت کی ترجیحات کا اعلان کیا گیا ہے۔
مشترکہ پروگرام میں حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی کسانوں اور کاشتکاری کو ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر قرض معافی اور معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، بیروزگاری کو دور کرنے اور خواتین کی حفاظت کے ساتھ تعلیم کے شعبہ پر بھی توجہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی پریشانیوں پر سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے پروگرام میں متعدد اہم اقدامات کرنے کی بات کہی گئی ہے، جس میں ملازمتوں میں مقامی نوجوانوں کو 80 فیصد ریزرویشن اور بے روزگار نوجوانوں کو فیلوشپ فراہم کرنا شامل ہے۔ نیز، لوگوں کو ایک روپیہ میں علاج معالجہ کرنے کا منصوبہ بھی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
تینوں پارٹیوں کے مشترکہ پروگرام کو جاری کرتے ہوئے شیوسینا کے رہنما ایکناتھ شندے نے کہا کہ سونیا گاندھی، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی ہدایت پر اتحاد کا مشترکہ پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ این سی پی رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پروگرام جاری کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی زیر قیادت مخلوط حکومت ’ملک سب سے پہلے‘ کے نعرے کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ نیز، اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ معاشرے کا کوئی طبقہ خوف زدہ نہ رہے۔ حکومت تمام مذاہب کو ساتھ لے کر ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ شندے نے کہا کہ یہ حکومت مرکز میں آئین کے بنیادی عناصر کے ساتھ تمام زبان اور ریاستوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔ نیز عوام کے ساتھ کسی بھی طرح کے امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Nov 2019, 6:28 PM IST