ویڈیو گریب
راہل گاندھی نے ’چھاتروں کی گونج‘ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو زوردار انداز میں نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کا سب سے بڑا درد یہ ہے کہ ان کے لیے سارے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ راہل گاندھی نے کچھ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ’’مینوفیکچرنگ میں چین کا پروڈکٹ 3 گنا ہے، انٹرپرینیورشپ میں 90 فیصد ایم ایس ایم ای کو قرض نہیں مل سکتا، سرکاری ملازمت کی بات کریں تو 150 امیدواروں میں سے 1 کو ملازمت ملتی ہے، پی ایس یو ملازمت 2014 میں 14 لاکھ اور 2024 میں 7 لاکھ۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کارپوریٹ ملازمت میں اے آئی 60 فیصد ملازمت کم کرنے والا ہے۔
’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں ایک طالب علم نے راہل گاندھی کے سامنے اپنا درد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بی ایڈ اور سی ٹیٹ کر چکا ہے، 4 سال سے زیادہ ہو چکا ہے لیکن بھرتی نہیں نکل رہی۔ اس نوجوان نے اپنی تکلیف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے پاس 2 ہی راستے ہیں، چائے کی دکان کھولیں، یا پھر خود کشی کر لیں۔‘‘ یہ سن کر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’خودکشی کوئی متبادل ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے طلبا کو یقین دلایا کہ انھیں انصاف ملے گا، اس کے لیے وہ ہر قدم پر طلبا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پریاگ راج واقع کے پی گراؤنڈ میں ’چھاتروں کی گونج‘ تقریب شروع ہو چکی ہے اور راہل گاندھی کا استقبال طلبا نے زوردار نعروں کے ساتھ کیا۔ تقریب کے شروع میں اتر پردیش کے 2 طلبا نے ریاست میں تعلیمی نظام کی صورت حال اور بڑھتی بے روزگاری کا درد بیان کیا۔ اویناش نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ وہ 2018 سے ٹیچر بننے کی تیاری کر رہا ہے اور کئی امتحانات دے چکا ہے، لیکن ریاست میں تقرری ہی مناسب طریقے سے نہیں ہو رہی۔ اویناش نے یہ بھی بتایا کہ اب تک کئی امتحانات کے پیپر لیک ہو چکے ہیں، اور طلبا کا جو یہ وقت ضائع ہوا اس کی جوابدہی کے لیے کوئی تیار نہیں۔
راہل گاندھی تھوڑی دیر میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس سے قبل کانگریس نے نظامِ تعلیم میں موجود خامیوں اور بڑھتی بے روزگاری پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’سال در سال مودی حکومت کا وہی جھوٹ سن سن کر نوجوان بے حال ہو گئے ہیں۔ اب بھروسہ پوری طرح ٹوٹ چکا ہے، گمراہی سامنے آ چکی ہے۔ ایک دہائی بعد آج کروڑوں طلبا کی گونج ایک آواز میں پوچھ رہی ہے– روزگار کہاں ہیں؟‘‘
’چھاتروں کی گونج‘ تقریب شروع ہونے سے قبل کانگریس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لگاتار ویڈیوز جاری کر نوجوانوں سے یکجہتی کی اپیل کر رہی ہے۔ ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بدلاؤ کے لیے آواز اٹھائیے، بے روزگاری کے خلاف ساتھ آئیے‘‘۔ اس پوسٹ کے ساتھ ویڈیو میں کچھ عام لوگوں کے بیانات دکھائے گئے ہیں، جو کہہ رہے ہیں کہ اتر پردیش میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ ملک سے باہر اسرائیل جا رہے ہیں۔ جنگ کے حالات میں بھی وہ اسرائیل جانے کو تیار ہیں، کیونکہ ریاست میں ان کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا محال ہو رہا ہے۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج شام پریاگ راج واقع کے پی گراؤنڈ میں ہزاروں طلبا و نوجوانوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی پریاگ راج پہنچ بھی چکے ہیں اور ان کا کانگریس لیڈران نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر پریاگ راج ایئرپورٹ پر پُرخلوص استقبال کیا ہے۔ راہل گاندھی کی تقریب کے پیش نظر علاقے میں سخت سیکورٹی کا انتظام کیا گیا ہے اور طلبا و نوجوان انتہائی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ کے پی گراؤنڈ میں ابھی سے طلبا و نوجوانوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق راہل گاندھی 7 بجے کے بعد کے پی گراؤنڈ پہنچیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Aug 2026, 5:37 PM IST
تصویر سوشل میڈیا