
ایئر انڈیا / فائل تصویر / آئی اے این ایس
جے پور ہوائی اڈے پر طیارہ ہائجیک (یرغمال) ہونے کا الرٹ ملنے کے بعد افراتفری مچ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یرغمال بنائے جانے کا الرٹ ملتے ہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-2030 کی جے پور ہوائی اڈے پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ یہ طیارہ جرمنی کے فرینکفرٹ سے دہلی جا رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو طیارے کے حوالے سے الرٹ ملا تھا، جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں فوری طور پر مستعد ہو گئیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ طیارے کے پائلٹ نے چند سیکنڈ کے لیے اسکواک-7500 کوڈ جاری کیا تھا۔ ہوا بازی کے شعبہ میں اسکواک-7500 کوڈ کا استعمال یرغمال بنائے جانے یا طیارے پر غیر قانونی قبضے کی صورت حال کا اشارہ دینے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسی الرٹ کے بعد طیارے کا رخ جے پور کی جانب موڑ دیا گیا اور وہاں بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق صبح تقریباً 9.45 بجے طیارے کو جے پور ہوائی اڈے کے آئسولیشن وے پر لے جایا گیا۔ سیکورٹی سے متعلق ہنگامی صورت حال میں طیارے کو آئسولیشن وے پر رکھا جاتا ہے، تاکہ سیکورٹی ایجنسیاں اس کی جانچ کر سکیں اور اسے دیگر طیاروں سے الگ رکھا جا سکے۔ فی الحال الرٹ کی وجہ اور پائلٹ کی جانب سے اسکواک-7500 کوڈ جاری کیے جانے کے اسباب کے بارے میں سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 30 ستمبر 2026 کو دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب جا رہی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ-1073 سے بھی ہائجیک کا الرٹ موصول ہوا تھا۔ بوئنگ-737 میکس طیارے نے پہلے ہنگامی کوڈ 7700 اور پھر کچھ وقت کے لیے اسکواک-7500 جاری کیا تھا۔ کوڈ 7500 طیارے کو یرغمال بنائے جانے یا اس میں غیر قانونی مداخلت کے خدشے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے بعد طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا اور سعودی عرب کے تبوک ہوائی اڈے پر اس کی ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔
اس واقعہ میں طیارے کے عمانی معاون پائلٹ پر مرکزی پائلٹ پر حملہ کرنے اور طیارے کو تل ابیب ہوائی اڈے کے ٹرمینل سے ٹکرانے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔ طیارے کی بلندی میں تیزی سے کمی آئی اور صورت حال پر قابو پانے کے لیے طیارے میں موجود دوسرے پائلٹوں اور مسافروں نے مداخلت کی۔ طیارے کو بحفاظت تبوک میں اتار لیا گیا۔ معاملے کی تحقیقات کے دوران حکام نے اسے طیارے پر قبضہ کرنے کی مبینہ کوشش کے طور پر دیکھا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔